اسکردو : ریسکیو اہلکاروں نے بس حادثے کے مقام پر امدادی کارروائیاں دوبارہ شروع کردی، ریسکیو آپریشن میں مدد کےلیے پاک فوج کے غوطہ خور بھی طلب کرلیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی سے اسکردو جانے والی مسافر وین روندو کے قریب دریا میں گرگئی تھی، جس سے پچیس افراد جاں بحق ہوگئے، ترجمان جی بی حکومت کا کہنا تھا کہ پاک آرمی کے ہیلی کاپٹر میں نکالی گئی لاشوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے کا شکاربس میں 26 افراد سوار تھے، دریا سے ابتک 13 افراد کی لاشیں نکالی جاچکی ہیں جبکہ بس کو دریا سے نکالنے کےلیے بھاری مشینری موقع پر پہنچا دی گئی ہے۔
پولیس اور ریسکیو ذرائع کے مطابق اسکردو کے لیے 26 مسافروں کو لے کر جانے والی مسافر کوسٹر بلتستان میں داخل ہوتے ہی حادثے کا شکار ہوئی، کوسٹر روندو میں موڑ کاٹتے ہوئے دریا میں گری، حادثے میں ڈرائیور بھی جاں بحق ہوا۔
گلگت: وین دریا میں گر گئی، 25 افراد جاں بحق
ایس ایس پی اسکردو اسحاق حسین کے مطابق حادثے کے مقام پر دریا میں پانی کا بہاؤ تیز اور دریا کی گہرائی زیادہ ہونے کے باعث امدادی کاروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی راولپنڈی سے آزاد کشمیر جاتے ہوئے ارجا کے مقام پر ایک مسافر بس نالے میں گر گئی تھی جس میں 10 افراد جاں بحق ہوئے اور 11 افراد زخمی ہوئے۔