تازہ ترین

چیئرمین قائمہ کمیٹی اپنے ہی وزیر خزانہ پر برس پڑے

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے چیئرمین قیصر شیخ اپنے ہی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے اجلاس میں شرکت نہ کرنے پر برس پڑے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس چیئرمین قیصر احمد شیخ کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں پنجاب اور کے پی میں انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن کو فنڈز دینے کے معاملے پر غور ہونا تھا تاہم وزیر خزانہ اسحاق ڈار اس اہم اجلاس میں شریک نہیں ہوئے جس پر کمیٹی کے چیئرمین اپنے ہی وزیر خزانہ پر برس پڑے۔

قیصر شیخ نے کہا کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار ملک کے معاشی معاملات میں سنجیدہ نہیں ہیں۔ نیشنل بینک اور زرعی ترقیاتی بینک کے صدور ایک سال سے نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب تک وزیر خزانہ اجلاس میں شرکت نہیں کرتے حکومتی بل پاس نہیں کرنا چاہیے۔ چیئرمین نے یہ بھی کہا کہ اسحاق ڈار قائمہ کمیٹی میں پیش نہ ہوئے تو میں چیئرمین شپ سے مستعفی ہو جاؤں گا۔

اس موقع پر رکن کمیٹی علی پرویز ملک اور وجیہہ قمر نے بھی چیئرمین کے موقف کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ وزیر خزانہ کو آج اجلاس میں شرکت کرنا چاہیے تھا۔ علی پرویز نے یہ بھی کہا کہ اس وقت ملک کے حالات دیکھیں اور بل پر فوکس کریں۔

واضح رہے کہ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ نے الیکشن کمیشن کو فنڈ دینے کا بل مسترد کر دیا۔ کمیٹی نے الیکشن کمیشن کو پنجاب اور کے پی میں انتخابات کے لیے اضافی فنڈز دینے کا بل متفقہ طور پر مسترد کر دیا۔

Comments

- Advertisement -