امریکی ٹیکنالوجی اور فلم اسٹریمنگ کمپنی نیٹ فلکس پر مشہور سیریز دا کراؤن کا چوتھا سیزن ریلیز کردیا گیا، چوتھے سیزن میں شہزادی ڈیانا کی شاہی خاندان میں شمولیت کو موضوع بنایا گیا ہے۔
نیٹ فلیکس کی مقبول سیریز دی کراؤن کا چوتھا سیزن مداحوں کے بے تحاشہ انتظار کے بعد سامنے آگیا، سیریز میں شہزادی ڈیانا کا کردار 24 سالہ اداکارہ ایما کورن ادا کر رہی ہیں۔
ایک انٹرویو میں انہوں نے اس بات کا اعتراف کیا کہ وہ اس کردار کے حوالے سے دباؤ کا شکار تھیں۔
دا کراؤن کے مذکورہ سیزن میں ڈیانا کو ایک نو عمر کے طور پر دکھایا گیا ہے جو وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ شہزادہ چارلس کی منگیتر کی حیثیت سے سے خود کو تنہا کر لیتی ہیں، جب اس جوڑے نے سنہ 1981 میں شادی کی تھی تب ڈیانا کی عمر 20 سال کی تھی جبکہ چارلس کی عمر 32 سال تھی۔
دا کراؤن کے پچھلے سیزن میں ولی عہد شہزادہ چارلس کو ایک حساس لڑکے کے طور پر دکھایا گیا تھا لیکن ڈیانا کے شوہر کی حیثیت سے ان کے کردار میں بے وفائی کا عنصر بھی نمایاں کیا گیا ہے۔
سال 2016 میں پہلی بار نشر ہونے والے اس سیریز نے متعدد ایوارڈز جیتے ہیں جن میں 3 گولڈن اور 10 ایمی ایوارڈز شامل ہیں۔