بالی ووڈ اداکار کارتک آریان اور اداکارہ سری لیلا کی نئی فلم کی پہلی جھلک گزشتہ روز جاری کی گئی جسے دیکھ کر یہ گمان ہوا کہ یہ عاشقی 3 ہے۔
اداکار کارتک آریان اور سری لیلا کی فلم کی جھلک میں کارتک آریان عاشقی کا گانا ’تو میری زندگی ہے‘ گنگتاتے دکھائی دیے لیکن میکرز کی جانب سے فلم کا نام نہیں بتایا گیا جس سے متعلق یہ قیاس آرائیاں کی جانے لگی ہیں کہ یہ فلم عاشقی 3 ہی ہے۔
انوراگ باسو کی اس میوزیکل رومانوی فلم کو دیوالی کے موقع پر ریلیز کیا جائے گا۔
بھوشن کمار نے چند سال قبل فلم بنانے کا اعلان کیا تھا جس میں ترپتی ڈمری کی جگہ ساؤتھ کی اداکارہ سری لیلا کو کاسٹ کیا گیا ہے جس سے متعلق بھوشن کا کہنا تھا کہ ترپتی دوسری فلم کی شوٹنگ میں مصروف ہیں اور میری فلم بھی اسی وقت فلور پر جارہی تھی اسی لیے ان کی جگہ سری لیلا کو شامل کیا گیا۔
فلم کے ٹیزر کی جھلک جاری کی گئی، کاسٹ سے لے کر پروڈیوسر، کمپوزر تک ریلیز کی تاریخ بھی بتائی گئی لیکن عنوان کا کوئی ذکر نہیں تھا۔
رپورٹ کے مطابق عاشقی 3 کو ابتدائی طور پر بھوشن کمار اور مکیش بھٹ نے مل کر پروڈیوس کیا تھا، مکیش بھٹ نے ہی عاشقی کی پہلی دو فلمیں بنائیں، مارچ 2024 میں بھوشن کمار نے اعلان کیا کہ وہ اکیلے ہی فلم پروڈیوس کررہے ہیں، اس فلم کا نام ’تو عاشقی ہے‘ کے حوالے سے بات چیت ہورہی تھی۔
رپورٹ میں یہ دعویٰ کیا گیا کہ کارتک آریان اسے عاشقی فرنچائز کا حصہ بنانے کے خواہاں تھے، ستمبر 2024 میں مکیش بھٹ نے اس ٹائٹل کو لے کر عدالت کا رخ کیا، دہلی ہائیکورٹ نے ان کے حق میں فیصلہ سناتے ہوئے ٹی سیریز کو ٹائٹل استعمال کرنے سے روک دیا۔
دہلی ہائی کورٹ کے حکم کے مطابق فلم کے عنوان میں عاشقی کی اصطلاح استعمال نہیں کی جا سکتی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ بنانے والے پچھلی دو فرنچائزز کے گانے استعمال کرنے کے لیے آزاد ہیں کیونکہ ٹی سیریز کے پاس موسیقی کے حقوق ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ میکرز اب بھی کچھ سمجھوتے کی امید کر رہے ہیں کہ انہیں عاشقی کا ٹائٹل استعمال کرنے کی اجازت مل جائے۔