کراچی: صوبہ سندھ میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کرونا وائرس کے مزید 37 مریض انتقال کرگئے جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 1863 ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کرونا وائرس کی صورت حال پر اپنے بیان میں کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹےمیں 9972 ٹیسٹ کیےگئے،24 گھنٹے میں 1151 نئے کیس سامنے آئے۔
مراد علی شاہ نے بتایا کہ 5 لاکھ 93 ہزار 668 ٹیسٹ کیےگئے،صوبے میں اب تک ایک لاکھ 7 ہزار 773 کیس سامنے آچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 24 گھنٹے کے دوران کرونا وائرس کے مزید 37 مریض انتقال کرگئے جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 1863 ہوگئی۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ اس وقت 38917 مریض گھروں اور 412 آئسولیشن مراکز میں ہیں،1161 مریض مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں،843 مریضوں کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے،121 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔
مراد علی شاہ کا مزید کہنا تھا کہ سندھ میں اب تک 65 ہزار 420 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔ کراچی میں آج 455 نئے کرونا کے کیسز سامنے آئے۔
پاکستان میں کرونا کی تشخیص کے لیے 16 لاکھ ٹیسٹ، 2 لاکھ 53 ہزار مثبت
واضح رہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس انفیکشن سے متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 2 لاکھ 53 ہزار 604 ہو گئی ہے، کیسز کی تعداد کے لحاظ سے 213 ممالک میں پاکستان دنیا کا 12 واں ملک ہے۔