سکھر: سندھ حکومت نے کروناوائرس ٹیسٹ منفی آنے والے زائرین کو گھر بھیجنے کا فیصلہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا ہے سکھر سے 640 زائرین واپس گھروں کو روانہ ہورہے ہیں۔ زائرین آج کراچی، سکھر، مٹیاری، حیدرآباد ودیگر شہر جارہے ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے متعلقہ ڈسٹرکٹ کے ڈپٹی کمشنرز کو زائرین کو ریسکیو کرنے کی ہدایت کردی۔ ترجمان نے بتایا کہ گھر جانے والے مسافروں کو ایک ایس اوپی دی گئی ہے۔
زائرین گھروں میں رہیں گے اور کچھ دن باہر نہیں نکلیں گے۔ ان زائرین کے 2،2بار ٹیسٹ کیے گئے جو منفی آئے۔
ادھر کراچی میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزیر اطلاعات ناصر حسین شاہ نے بتایا کہ سندھ میں کرونا کے 394 کیسز ہیں، کراچی میں 134، سکھر فیز ون میں 151، فیز ٹو میں 109 ہیں۔
لاک ڈاؤن میں باہر نکلنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے، وزیراعلیٰ سندھ کی پولیس کو ہدایت
ناصر حسین شاہ نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ کرونا کے 83 مقامی منتقلی کے کیسز شہر میں رپورٹ ہوئے، ملیر میں 98 زائرین رکھے گئے ہیں، لاک ڈاؤن کی رپورٹس مثبت آئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ سندھ سے کسی ریلوے اسٹیشن سے مسافر کو جانے نہ دیا جائے، سندھ میں بذریعہ ریل آنے والوں کا فیصلہ کچھ دیر میں کر لیں گے۔