The news is by your side.

Advertisement

یورپی یونین نے بڑی پیش کش کردی

لاہور: یورپی یونین(ای یو) کی سفیر اندرولا کمینارا نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت سے واٹر ویسٹ مینجمنٹ پر تعاون کرنے کے لیے تیار ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے یورپی یونین کی سفیراندرولا کمینارا نے ملاقات کی، اس موقع پر باہمی دلچسپی کے امور، تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں باہمی تعاون کے لیے ورکنگ گروپ تشکیل دینے پر بھی اتفاق ہوا ہے۔

اس موقع پر سفیر یورپی یونین اندرولا کمینارا کا کہنا تھا کہ پاکستان نے جی ایس پی پلس کے حوالے سے مثبت پیش رفت کی ہے، پنجاب حکومت سے واٹر ویسٹ مینجمنٹ پر تعاون کو تیار ہیں۔

دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ پاکستان اور یورپی یونین میں انتہائی دوستانہ اور معاشی تعلقات موجود ہیں، سماجی شعبوں کی بہتری پر یورپی یونین کے تعاون کو قدر کی نگاہ سےدیکھتے ہیں، یورپی یونین پاکستان کا ایک بڑا تجارتی پارٹنر ہے، یونین کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانا چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ تعلقات میں بہتری سے عوام کو فائدہ پہنچے گا، جی ایس پی پلس کےحوالے سے پاکستان نے ٹھوس اقدامات کیےہیں، پنجاب میں چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ پاکستان میں بلاامتیاز سب شہریوں کو یکساں حقوق حاصل ہیں، ہماری توجہ پسماندہ علاقوں کی ترقی پر ہے، زراعت اور لائیوسٹاک میں ویلیو ایڈیشن کی بےپناہ گنجائش ہے، یورپی یونین کی جانب سے ٹیکنالوجی کی فراہمی کاخیرمقدم کریں گے، ہر قدم پاکستان کو ترقی یافتہ اور خوشحال ملک بنانے کی جانب اٹھ رہا ہے۔

Comments

یہ بھی پڑھیں