کراچی: سٹی کورٹ کے احاطے میں فائرنگ کے نتیجے میں لڑکی جانبحق جبکہ پولیس اہلکار زخمی ہوگیا۔
پولیس کے مطابق سٹی کورٹ کے احاطے میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے، جس کے نتیجے میں پسند کی شادی پر بیان ریکارڈکرانے کیلئے آنیوالی لڑکی جاں بحق ہوگئی۔
پولیس نے بتایا کہ کورٹ میرج کے بعد لڑکی اپنا بیان ریکارڈ کرانے کیلئے سٹی کورٹ آئی تھی والد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا۔
مزید تفصیلات میں ایس ایس پی شبیر سیٹھار نے بتایا کہ مقتولہ کا آبائی تعلق وزیرستان سے تھا، لڑکی نے گاؤں میں ڈاکٹر سے پسند کی شادی کی تھی۔
ایس ایس پی نے بتایا کہ خاتون پیر آباد سے عدالت میں 164 کا بیان ریکارڈ کرانے آئی تھی، لڑکی کے باپ نے 3 فائر کیے، 2 گولیاں خاتون کو لگیں، جس کے باعث موقع پر لڑکی کی موت واقع ہوگئی۔
سٹی پولیس کا کہنا تھا کہ ایک گولی پولیس اہلکار کو کمر پر لگی، زخمی اہلکار کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔
ایس ایس پی نے بتایا کہ ملزم پولیس اہلکاروں کو جھانسہ دیکر عدالتی احاطے میں آیا، گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔