پاکستان تحریک انصاف کا حقیقی آزادی مارچ آج چوتھے روز کامونکی سے دوبارہ شروع ہوگا، چیئرمین عمران خان قیادت کے لیے زمان پارک سے کامونکی پہنچیں گے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کا حقیقی آزادی مارچ آج چوتھے روز کامونکی سے دوبارہ شروع ہوگا اور مارچ کے شرکا آج رات گوجرانوالہ میں چن دا قلع کے مقام پر پہنچ کر قیام کریں گے، مارچ کی قیادت کے لیے پارٹی چیئرمین عمران خان کچھ دیر میں زمان پارک سے کامونکی کیلیے روانہ ہوں گے۔ گزشتہ روز خاتون رپورٹر کے حادثے میں جاں بحق ہونے کے باعث مارچ کو وہیں روک دیا گیا تھا۔
مارچ میں شرکت کے لیے اطراف سے قافلے اور شہریوں کی بڑی تعداد کامونکی پر جمع ہونا شروع ہوگئی ہے اور ان میں خاصا جوش وخروش بھی پایا جاتا ہے۔
اس حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب کے ترجمان مسرت جاوید نے کہا ہے کہ حقیقی آزادی مارچ کے شرکا کی تعداد ہر روز بڑھتی جا رہی ہے، عوام کا عمران خان پر اعتماد مزید بڑھا ہے، کرم کے عوام نے کل ایک بار پھر انہیں بھاری اکثریت سے کامیابی دلائی ہے، دولت کی بیساکھیوں سے اقتدار لینے والوں کی ٹانگیں کانپ رہی ہیں۔