پیر, دسمبر 23, 2024
اشتہار

شام میں ملبے تلے جنم لینے والی بچی دنیا میں تنہا رہ گئی

اشتہار

حیرت انگیز

شام میں قیامت خیز زلزلے نے ہر طرف تباہی مچا دی عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں اسی ملبے تلے بچی نے جنم لیا لیکن پیدا ہوتے ہیں یتیمی ملی اور اپنوں کا ساتھ چھوٹ گیا۔

اتوار کی علی الصباح ترکیہ اور شام میں آنے والے قیامت خیز زلزلے کی تباہ کاریاں وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ دنیا کے سامنے آ رہی ہیں۔ تباہی کے ایسے ایسے مناظر دیکھنے کو مل رہے ہیں کہ کلیجہ منہ کو آنے لگتا ہے۔ تباہی کے ساتھ ہی قدرت بھی اپنے کرشمے دکھا رہی ہے۔

زلزلے سے جہاں زندگیاں ختم ہو رہی تھیں وہیں ٹنوں ملبے تلے ایک نئی زندگی کا جنم ہوا اور دو روز قبل ملبے تلے دبی خاتون نے ایک بچی کو جنم دیا تھا تاہم وہ خود جہان فانی سے کوچ کر گئی تھی۔

- Advertisement -

نومولود بچی نے دنیا میں آنکھ کھولی تو نہ صرف وہ یتیم ہوچکی تھی بلکہ اپنے پیارے خاندان کو بھی کھوچکی تھی جس کا اس ننھی جان کو پتہ بھی نہ تھا۔

عرب میڈیا کے مطابق اس زلزلے میں نومولود بچی کی والدہ عفرا، والد عبداللہ المیحان، چار بھائی اور خالہ جاں بحق ہوگئے جب کہ گھر مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔ امدادی کارکنوں نے جب بچی کو ملبے سے باہر نکالا تو وہ ناف کے ذریعے اپنی ماں سے جڑی ہوئی تھی۔

متاثرہ خاندان کے رشتہ دار خلیل السوادی نے جذبات پر قابو رکھتے ہوئے بتایا کہ ہم فیملی اور اس کے سربراہ کو تلاش کررہے تھے اچانک ہمارے کانوں میں ایک آواز آئی۔ ملبہ ہٹایا تو ہمیں اپنی ماں سے جڑی ہوئی نومولود بچی نظر آئی جسے میرے چچا زاد بھائی نے فوری طور پر اسپتال پہنچایا۔

بچی کو حلب کے شمال بعید میں واقع عفرین شہر کے ہسپتال میں داخل کردیا گیا ہے جہاں انتہائی نگہداشت کے شعبے میں اس کی دیکھ بھال کی جارہی ہے۔

 

عفرین ہسپتال کے ڈاکٹر نے بتایا کہ ’نومولود بچی کے اعضا شدید سردی کے باعث ٹھٹھرے ہوئے تھے۔ اس نے کئی گھنٹے ملبے تلے شدید سردی میں گزارے تھے۔ بچوں کے امراض کے ماہر ھانی معروف نے بتایا کہ ’ابتدائی طبی معائنے مکمل کرلیے۔ بچی کو انجیکشن کے ذریعے کیلشیئم کی ڈوز دی جارہی ہے کیونکہ وہ کئی گھنٹے تک بھوکی پیاسی رہی ہے‘۔

اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ بچی کی صحت تسلی بخش ہے تاہم اس کے جسم پر متعدد زخم بھی ہیں۔ ایسا لگتا ہے زلزلے کے تقریبا 7 گھنٹے بعد بچی نے جنم لیا ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں