اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ بے سہارا، غریب اور نادار لوگ ریاست کی ذمہ داری ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے فوکل پرسن برائے پناہ گاہ نسیم الرحمان نے ملاقات کی جس میں ملک بھر میں پناہ گاہوں کی مزید بہتری ، دائرہ کار توسیع کرنے کے اقدامات پر گفتگو کی گئی۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ بے سہارا، غریب اور نادار لوگ ریاست کی ذمہ داری ہیں، نجی شعبے پناہ گاہوں کی تعمیر میں بڑھ چڑھ کر حکومت کا ساتھ دے رہے ہیں۔
وزیراعظم پاکستان کا مزید کہنا تھا کہ نجی شعبے کا تعاون معاشرے کی مثبت اقدار کے جذبے کی عکاسی کرتا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے پناہ گاہوں کے منصوبے کو موثر انداز میں آگے بڑھانے کے لیے نسیم الرحمان کو فوکل پرسن تعینات کیا ہے۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ یہ تعیناتی وزیراعظم کے غریبوں، مسافروں اور بے گھر افراد کے لیے چھت کی سہولت فراہم کرنے کے وژن اور جذبہ خدمت خلق کو تقویت دے گی۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ وفاقی حکومت آئندہ 12 ماہ میں تقریباََ ایک ہزار پناہ گاہیں تعمیر کی جائیں گی۔