اسلام آباد: معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ یہ تاثر غلط ہے کہ کرونا وائرس کم عمر لوگوں کو متاثر نہیں کرتا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کرونا وبا سے متعلق اقدامات پر بریفنگ کے دوران ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے جتنے تخمینے تھے پاکستان میں کرونامریضوں کی تعداد کم ہے۔
ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ ہمیں ایک موقع ملا ہے احتیاط ہر صورت کرنی چاہیے، بےاحتیاطی نہیں کرنی ایسا نہ ہو کرونا مریضوں کی تعداد بڑھ جائے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کرونا کے مریضوں میں 70 فیصد50 سال سے کم ہیں،پاکستان میں 65 فیصد مریض ایسے ہیں جو 21 سے 50 سال کے درمیان ہیں،پاکستان میں کرونا کے مریضوں میں 78 فیصد مرد ہیں۔
معاون خصوصی برائے صحت کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس بھی دوسری بیماریوں کی طرح ہے، مشاہدے میں آیا ہے کرونا مریضوں سے منفی رویہ اپنایا جا رہا ہے، کرونا وائرس کے مریض بھی ہماری ہمدردی کے مستحق ہیں،کرونا وائرس کے مریضوں کو معاشرے الگ نہیں کرنا ہے۔
ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ پاکستان میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 4 ہزار 601 ہے، پنجاب میں 2279، سندھ میں1128،گلگت بلتستان میں215، بلوچستان میں219، کےپی میں620، اسلام آباد میں107،آزاد کشمیر میں33 مریض ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں کرونا کے باعث 66 اموات،45 کی حالت تشویش ناک ہے،ملک بھر میں کرونا کےصحت یاب مریضوں کی تعداد 727 ہوگئی۔