لاہور: پی آئی سی حملے کے دوران صوبائی وزیراطلاعات فیاض الحسن چوہان پر تشدد کرنے والے ایک اور وکیل کی شناخت ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیراطلاعات فیاض الحسن کے سر پر تھپڑ مارنے والے وکیل کی شناخت زین عباس کے نام سے ہوئی ہے، زین عباس شاہدرہ کا رہائشی اور تاحال مفرور ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فیاض الحسان پر تشدد کرنے والے اب تک 2افراد کی شناخت ہوچکی ہے۔
اس سے قبل وزیراطلاعات پر حملے کرنے والے ایک وکیل کی شناخت عبدالماجد کے نام سے ہوئی تھی، جو ہربنس پورہ کے علاقے کا رہائشی ہے، پولیس کے مطابق ملزم کی گرفتاری کے لیے گھر پر چھاپہ بھی مارا گیا تاہم وہ گرفتار نہ ہوسکا۔
پی آئی سی: وزیراطلاعات فیاض الحسن چوہان پر حملہ کرنے والے وکیل کی شناخت ہوگئی
یاد رہے کہ چند روز قبل وکلا کے ایک گروہ نے پی آئی سی پر حملہ کر کے اسپتال میں توڑ پھوڑ کی تھی اور اس دوران جب وزیراطلاعات فیاض الحسن چوہان جائے وقوعہ پہنچے تو انہیں وکیلوں نے تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔
پی آئی سی میں جو کچھ ہوا وہاں جانے والوں نے سب کا منہ کالا کیا: عدالت
واضح رہے کہ آج لاہور ہائی کورٹ میں گرفتار وکلا کی رہائی اور گھروں پر چھاپوں کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی، عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پی آئی سی میں جو کچھ ہوا وہاں جانے والوں نے سب کامنہ کالا کیا، وکلا اپنے حقوق کے لیے کیوں نہیں کھڑے ہوئے؟
پی آئی سی حملے سے متعلق وکلا کی گرفتاریوں کے خلاف درخواست پر ہائیکورٹ کا تیسرا بینچ تشکیل دیا گیا ہے، چیف جسٹس ہائیکورٹ جسٹس سردار شمیم نے نیا بینچ تشکیل دیا، 2رکنی بینچ میں جسٹس مظاہر علی نقوی اور جسٹس سرداراحمد نعیم شامل ہیں۔