سیہون: فصلوں کے دشمن ٹڈی دل کی سندھ بھر میں تباہ کاریاں جاری ہیں، کراچی کے بعد ٹڈیوں نے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کے حلقے سیہون پہنچ کر کھیتوں پر حملہ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق سندھ سرکار کی نااہلی کا ایک بار پھر پول کھل گیا، ٹڈی دل نے وزیراعلیٰ کے حلقے میں ہی حملہ کرکے کھیت اجاڑنا شروع کردیا۔ کپاس، پیاز اور گندم کی فصلیں شدید متاثر ہورہی ہیں، کاشتکاروں کی شکایت کے باوجود ضلعی انتظامیہ کا عملہ لاپتہ ہے۔
صوبائی حکومت کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے، ٹڈی دل کو تاحال ٹھکانے نہیں لگایا جاسکا، سیہون میں کاشتکاروں نے اپنی مدد آپ کے تحت ٹڈیوں کو کھیتوں سے بھگانے کی کوششیں شروع کردیں۔
خیال رہے کہ 10 نومبر کو صوبائی وزیر زراعت اسماعیل راہو نے محکمہ پلانٹ پروٹیکشن کو اسپرے کرنے کا حکم دیا تھا جس پر کوئی عمل درآمد نہیں کیا گیا۔ انہوں نے دل چسپ ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے مشورہ دیا تھا کہ کراچی کے شہری ٹڈی دل کی کڑھائی اور بریانی بنا کر کھا سکتے ہیں، ٹڈی دل کراچی کے شہریوں کے پاس خود چلا آیا ہے تو فائدہ اٹھائیں۔
اندرون سندھ کے بعد ٹڈی دل کا کراچی پر حملہ، وزیر زراعت نے بچنے کا انوکھا مشورہ دے دیا
اسماعیل راہو کا کہنا تھا کہ ٹڈی دل کراچی کے بعد بلوچستان چلا گیا ہے، ملیر میں ٹڈی دل نے فصلوں کو نقصان نہیں پہنچایا، شہری پریشان نہ ہوں ٹڈی دل عوام کو نقصان نہیں پہنچاتا، اس کے خاتمے کے لیے نوابشاہ اور بدین میں اسپرے کرا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ اندرون سندھ کے علاوہ ٹڈی دل کراچی پر بھی حملہ کرچکا ہے۔