اسلام آباد: ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا ہے کہ کرونا کے خلاف جنگ میں میڈیا کا کردار قابل تعریف ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے نیوز کانفرنس کے دوران کہا کہ کرونا کی وبا دنیا بھر میں پھیل چکی ہے اور عالمی صورتحال کو تبدیل کر دیا ہے، فرنٹ لائن پراس وباکامقابلہ کرنےوالوں کوخراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں قوم کو اتحاد کاپیغام دینے پر علمائے کرام کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، ہم نے اس وبا کا مل کر مقابلہ کرنا ہے۔
میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا تھا کہ کرونا وبا کے خلاف جنگ میں میڈیا کے کردار کی بھی تعریف کرتا ہوں،کرونا کے خلاف جنگ میں ہمیں میڈیا کے تعاون کی بھی ضرورت ہے،میڈیا نے مستند رپورٹنگ کر کے اہم کردار ادا کیا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ مربوط نظام کےتحت ٹریک اینڈ ٹریس کر کے بر وقت ہدایات پہنچائی جا چکی ہیں،اب تک 465ملین پیغامات پی ٹی اے کے ذریعے عوام تک پہنچائے جا چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مختلف علاقوں کو ملک میں آئسولیٹ بھی کیا جا رہا ہے تاکہ وبا کو روکا جاسکے، تمام وسائل کو بروئے کار لا کر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، غیرمعینہ مدت تک لاک ڈاؤن کے متحمل نہیں ہوسکتے۔
میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں ضرورت کے مطابق سامان پہنچانے کے لیے بھی اہتمام کیا جا رہا ہے،کرونا جیسی وبا سے ہمارا پہلی مرتبہ واسطہ پڑا ہے،موجودہ حالات میں جو بھی ضروری اقدامات ہیں اٹھائے جا رہے ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ 38 دنوں میں قوم نے اس وبا کا بخوبی مقابلہ کیا ہے،اللہ سے دعا ہے کہ اس مصیبت اور وبا کود ور فرمائے۔