تازہ ترین

ایرانی صدر کی مزار اقبال پر حاضری، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی

لاہور: ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کی لاہور آمد...

پاک ایران سرحد پر باہمی رابطے مضبوط کرنے کی ضرورت ہے، آرمی چیف

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا ہے...

پی ٹی آئی دورِحکومت کی کابینہ ارکان کے نام ای سی ایل سے خارج

وفاقی حکومت نے پی ٹی آئی دورِحکومت کی وفاقی...

جانئے، دنیا کے خوبصورت پہاڑ کہاں واقع ہیں؟

تصور کریں کہ آپ کسی ایسے مقام پر موجود ہیں جو اتنا رنگین ہے کہ آپ کو تصویر لینے کے بعد فلٹر لگانے کی ضرورت ہی نہیں، یا جگہیں اتنی خوبصورت ہیں کہ آپ کیمرے کی سیٹنگ تبدیل کرنے پر مجبور ہو جائیں گے تاکہ آپ اس پورے منظر کو اس میں قید کر سکیں۔

ان میں سے آج ہم نے چند پہاڑوں کو منتخب کیا ہے، امید ہے قارئین کو یہ بے حد پسند آئیں گے۔

پیرو کے قوس قزح پہاڑ

جنوبی امریکی ملک پیرو میں واقع ایک پہاڑ بھی قوس قزح جیسا منظر پیش کرتا ہے جسے دیکھنے کے لیے سیاح کھنچے چلے آتے ہیں،اسے ست رنگی پہاڑ بھی کہا جاتا ہے، یہ خوبصورت سلسلہ کوسکو کے قریب واقع ہے اور حال ہی میں دنیا بھر کے سیاحوں کی توجہ اس کی طرف مبذول ہوئی ہے۔

ایک اندازے کے مطابق سیاحت کے سیزن میں یہاں روزانہ اوسطاً پندرہ سو افراد آتے ہیں، اس پہاڑ کے حقیقی رنگ تب نمایاں ہوتے ہیں جب برف پگھلتی ہے اور نیچے سے قوسِ قزح کے رنگ ابھر آتے ہیں۔

حقیقت میں یہ سمندر، جھیل اور دریاؤں کی مٹی کی تہیں ہیں جو ہزار ہا سال تک جمع ہوتی رہیں اور بالآخر اس صورت میں جلوہ گر ہوئی ہیں۔

لینڈ منال لوگر ماؤئنٹین ، آئس لینڈ

آئس لینڈ اپنی جغرافیائی خصوصیات کی وجہ سے ویسے ہی دنیا بھر میں مشہور ہے، لیکن فجلباک نیچر ریزرو میں موجود یہ پہاڑ تو ایک شاہکار ہے، اس میں یہ رنگ دراصل رایو لائٹ نامی ایک پتھر کی وجہ سے آئے ہیں جو کئی رنگوں میں پایا جاتا ہے، سرخ، گلابی اور سبز سے لے کر نیلے، سنہرے اور پیلے رنگوں میں بھی۔ لیند منال لوگر کے حُسن کو ایک طرف بھی رکھ دیں تو یہ علاقہ ہائیکنگ کے لیے بہترین جگہ ہے، جہاں تین ایسی ٹریلز موجود ہیں جن پر ہائیکنگ کی جا سکتی ہے۔

سینٹ لوشیا کا پیٹون پہاڑ

سینٹ لوشیا جزائر غرب الہند یعنی ویسٹ انڈیز کا ایک خوبصورت جزیرہ ہے، اس کے جنوب مغربی ساحلوں پر آپ کو یہ آتش فشانی پہاڑ ملیں گے، ان پہاڑوں پر گھنے جنگلات ہیں جو نایاب نباتات کا مسکن ہیں۔اقوامِ متحدہ نے انہیں عالمی ثقافتی ورثہ قرار دے رکھا ہے، ان میں سے بڑا پہاڑ گروس پیٹون کہلاتا ہے جبکہ چھوٹا پیٹٹ پیٹون جو چھوٹا ضرور ہے لیکن اس کی ڈھلوانیں زیادہ خطرناک ہیں، ان پہاڑوں پر چڑھنا عام آدمی کے لیے ایک بڑا چیلنج ہوتا ہے۔ لیکن اگر پھر بھی کوئی جانا چاہے تو اس کے لیے گائیڈ ضروری ہے، اس کی بلندی سے دُور دُور کے خوبصورت نظارے ملتے ہیں۔

 ایریزونا کا ورمن کلف نیشنل مونومنٹ

امریکی ریاستوں ایریزونا اور یوٹاہ کی سرحد کے قریب واقع یہ قومی یادگار ہے، اس کا رقبہ دو لاکھ اسی ہزار ایکڑ ہے، یہاں آکر ایسا گمان ہوتا ہے جیسے آپ کسی دوسرے سیارے پر آگئے ہیں،اونچی چٹانیں، گہری کھائیاں اور اس علاقے میں کئی مقامات کی رنگارنگ بناوٹ آپ کی منتظر ہے۔

یہاں کچھ علاقے ایسے بھی ہیں، جہاں جانے کے لئے آپ کو خصوصی اجازت نامے کی ضرورت ہوگی۔

نیشنل جیو پارک، چین

شمالی مغربی چین کے صوبہ گانسو میں چلیان پہاڑوں کے دامن میں موجود یہ نیشنل پارک بھی عالمی ثقافتی ورثہ ہے اور چین کے خوبصورت ترین قدرتی عجائب میں سے ایک ہے، پہلی نظر میں تو ایسا لگتا ہے کہ کسی مصور نے کوئی فن پارہ تخلیق کرنے کے لیے بہت احتیاط کے ساتھ رنگ سجائے ہیں،دو سو میل پر پھیلے اِن پہاڑوں کے رنگ زمانہ ہائے قدیم سے موجود ہیں اور یہ مختلف پتھروں کی باقیات ہیں، جن میں لوہے کے ذرات اور دیگر معدنیات بھی شامل ہیں۔

سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ جب ہندی اور یوریشیائی پلیٹیں آپس میں ٹکرائیں تو یہ علاقہ پہاڑی صورت اختیار کرگیا اور زیرِ زمین پتھر اور ریت ان رنگوں میں نمایاں ہو گئی۔

چودہ رنگوں کے پہاڑ، ارجنٹینا

اس نام کا مطلب ہے چودہ رنگوں کے پہاڑ، یعنی ڈبل ست رنگی، یہ نوکیلے اور رنگیلے پہاڑ شمال مغربی ارجنٹینا کے صوبے جوجوئے میں واقع ہیں اور پچھلے چند سالوں سے سیاحوں میں بہت مقبول ہیں۔ آپ کو ان چودہ رنگی پہاڑوں تک پہنچنے کے لیے تقریباً پندرہ میل کا کچا راستہ طے کرنا پڑتا ہے، یہاں چار ہزار پانچ سو تیس میٹرز کی بلندی پر واقع مشاہدہ گاہ سے حسین نظارے دیکھے کو ملتے ہیں۔

ایتھوپیا کا سیمون پہاڑی سلسلہ

شمالی ایتھوپیا کا یہ نیشنل پارک بھی عالمی ثقافتی ورثہ ہے، اور حیوانات اور نباتات کا ایک بڑا مسکن ہے، عمیق کھائیاں، نرم گھاس، گہری وادیاں اور بھرپور نباتات، یہاں سب کچھ موجود ہے۔ یہاں معدومی کے خطرے سے دوچار والیا پہاڑی بکریاں بھی پائی جاتی ہیں، یہاں کے دوسرے نایاب جانوروں میں ایتھوپیائی بھیڑیے ، گیلاڈا بندر اور دوسرے شکاری پرندے شامل ہیں۔

Comments

- Advertisement -