کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے لیجنڈری کرکٹر جاوید میانداد نے اپنے عہد کے ٹف ٹائم دینے والے بولرز کے نام بتا دیے جن میں ڈینس لیلی سرفہرست ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب پر جاوید میانداد نے اپنی ویڈیو شیئر کی جس میں انہوں نے ماضی کے باصلاحیت اور سخت ٹکر دینے والے بولرز کے نام بتائے۔ ان کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا کے ڈینس لیلی سب سے خطرناک بولر تھے جو ہر وکٹ پر اپنی کمال مہارت کا مظاہرہ کرتے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ ڈینس لیلی کے بعد آسٹریلیا کے ہی جیف تھومسن بھی زبردست فاسٹ بولر تھے، ان کا بولنگ کا انداز دوسروں سے بالکل مختلف تھا اور بولنگ ایکشن اوپن ہوتا تھا۔
لیجنڈری کرکٹر نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کے بولرز نے دنیا میں دھوم مچائی جن میں مائیکل ہولنڈنگ، جول گارنر اور میل کولم مارشل شامل ہیں۔ تمام ممالک کے بلے بازوں کو ویسٹ انڈیز کے گیندبازوں کا سامنا کرنا مشکل ہوتا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز کے بولرز کی پوری دنیا میں دھوم ہے۔
اپنی ویڈیو میں جاوید میانداد نے پاکستان کے باصلاحیت گیند بازوں کا بھی بتایا جن میں عمران خان، وقار یونس اور وسیم اکرم شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ وہ ہماری بولنگ اٹیک تھی جو ماضی میں بہت مضبوط ثابت ہوئی۔