جمعہ, مارچ 21, 2025
اشتہار

مہنگی ترین شادی، صرف دلہن کے میک اپ، لباس، زیورات پر ساڑھے 3 ارب سے زائد خرچ

اشتہار

حیرت انگیز

مہنگی ترین شادی میں 1600 کروڑ روپے خرچ صرف دلہن کے میک اپ لباس اور زیورات پر ساڑھے 3 ارب سے زائد خرچ آیا۔

آپ نے اب تک کئی مہنگی شادیوں کا ذکر سنا، پڑھا یا دیکھا ہوگا۔ گزشتہ سال اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی کو بھارت کی مہنگی ترین شادی قرار دیا جا رہا ہے، جس پر مبینہ طور پر 600 ملین ڈالر خرچ کیے گئے۔

تاہم ہم آج آپ کو 9 سال قبل ہونے والی ایک ایسی شادی کا احوال بتا رہے ہیں جہاں لڑکی کی شادی پر اس کے والدین نے 500 کروڑ روپے (پاکستانی 1600 کروڑ روپے سے زائد) لٹا دیے، جو آج کی کرنسی ویلیو کے تناسب سے امبانی فیملی کی شادی کے خرچ سے زیادہ ہے۔ اس شادی میں صرف دلہن کی تیاری جس میں میک اپ، عروسی لباس اور زیور پر ساڑھے تین ارب روپے سے زائد خرچ کیا گیا۔

یہ پرتعیش شادی پڑوسی ملک بھارت میں ہوئی جس کو اس وقت دنیا کی مہنگی ترین شادی بھی قرار دیا گیا اور اس مہنگی ترین شادی کا اعزاز کسی کاروباری ٹائیکون کو نہیں بلکہ سیاستدان اور سابق وزیر کو حاصل ہوا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ مہنگی ترین کرناٹک کے سابق وزیر جناردھن ریڈی کی بیٹی کی تھی جو 9 سال قبل ہوئی تھی، جس کے شاہانہ انداز، انتظامات اور خرچوں کا چرچا پورے بھارت میں ہوتا رہا تھا۔

16 نومبر 2016 کو ہونے والی اس شادی میں ریکارڈ پچاس ہزار مہمانوں نے شرکت کی تھی۔ ان مہمانوں کے لیے جناردھن ریڈی نے بنگلورو کے فائیو اسٹار اور تھری اسٹار ہوٹلوں میں 1500 کمرے بک کروائے تھے۔

مہمانوں کو شادی میں شاہی پروٹوکول دیا گیا۔ 40 بیل گاڑیاں، 2 ہزار لگژری کاریں اور 15 ہیلی کاپٹرز مہمانوں کی آمدورفت کے لیے مختص کیے گئے تھے۔ شاہی ضیافت میں 16 مختلف اقسام کی مٹھائیاں پیش کی گئیں۔ ہر پلیٹ کی قیمت تقریباً 3,000 روپے تھی۔

شادی کی تقریبات پانچ دن تک جاری رہی تھیں جب کہ شادی کا پنڈال وجے نگر سلطنت کے شاہی مندروں سے متاثر تھا جس کو بالی ووڈ کے ماہر آرٹ ڈائریکٹر نے تیار کیا تھا۔

دلہن برہمانی نے اپنی شادی والے روز معروف ڈیزائنر نیتا للو کی تیار کردہ خالص سونے کے دھاگوں سے کڑھائی والی لال کانچی ورم ساڑھی پہنی تھی جس کی قیمت 55 کروڑ روپے ہے۔ میک اپ پر بھی ایک کروڑ روپے سے زائد خرچ کیے گئے تھے۔

برہمانی کے شادی والے دن پہنے گئے زیورات کی مجموعی قیمت 3 ارب سے زائد بتائی جاتی ہے۔ ان میں 80 کروڑ روپے مالیت کا ہیروں سے جڑا چوکر ہار بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ ہیروں سے جڑی مانگ ٹیکا جبکہ بالوں کی چوٹی میں بھی ہیرے جڑے زیورات لگائے گئے تھے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں