سعودی عرب میں ولی عہد کی ویژن 2030 پر عملدرآمد شروع ہونے کے بعد سینما بینی فروغ پا رہی ہے اور 20 سے زائد شہروں میں سینما گھر قائم ہوچکے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے وژن 2030 کے اہداف پر عملدرآمد سے مملکت میں سینما بینی فروغ پا رہی ہے اور 20 سے زائد شہروں میں سینما گھر قائم ہو چکے ہیں جہاں ملکی اور بین الاقوامی فلموں کی نمائش جاری ہے۔
جنرل کمیشن فار آڈیو ویژل میڈیا کے مطابق سعودی عرب میں سینما کی سرگرمیاں دوبارہ شروع ہونے سے اب تک ہونے والی آمدنی 535 ملین ریال سے تجاوز کر چکی ہے جب کہ 10 ملین سے زیادہ ٹکٹ فروخت ہوچکے ہیں۔
اب تک سعودی باکس آفس پر اب تک سب سے زیادہ بزنس کرنے والی فلم ہالی ووڈ کی ’’ٹاپ گن: ماورک‘‘ ہے جس کے 1.2 ملین سے زیادہ ٹکٹ فروخت ہوئے اور آمدنی 84 ملین سے زیادہ ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سعودی سینما کی فلموں نے اپنی مضبوط اور فعال موجودگی ثابت کی ہے اور اب تک 33 سے زائد سعودی فلمیں دکھائی جا چکی ہیں۔
جنرل کمیشن فار آڈیو ویژل میڈیا کا مزید کہنا ہے کہ سعودی عرب میں سینما کا شعبہ خطے میں سب سے بڑا ہے اور یہ سعودی وژن 2030 کے اہداف کے حصول کے لیے تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ اس وقت مملکت کے 20 سے زائد شہروں میں سعودی سینما گھروں میں نشستوں کی تعداد 64 ہزار سے زیادہ ہوچکی ہے جب کہ 7 سے زیادہ آپریٹرز ہیں۔