کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما فیصل سبزواری نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم عدم تشدد اور عدم تصادم کی پالیسی کو لے کر آگے بڑھ رہی ہے، 21 اکتوبر کا ضمنی الیکشن شفاف پرامن اور منصفانہ ہونا چاہیے۔
تفصیلات کے مطابق این اے 247 ضمنی الیکشن کے لیے ایم کیو ایم نے دہلی کالونی میں الیکشن آفس کا افتتاح کردیا، اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل سبزواری کا کہنا تھا کہ ہر شہری کو اپنا ووٹ کاسٹ کرنے کا حق ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ڈالے گئے ووٹوں کو گننا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔
رہنما ایم کیو ایم کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی اور ایم کیوایم میں تحریری معاہدہ ہے، 25 جولائی کے انتخابات پر ہمارے تحفظات برقرار ہیں۔
فیصل سبزواری کا کہنا تھا کہ عوام نے جن کو ووٹ دیا اور چاہتے وہی ایوان میں نظر آئیں۔
ایم کیو ایم پاکستان نے ضمنی انتخابات کے لیے امیدواروں کے ناموں کو حتمی شکل دے دی
خیال رہے کہ ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کی جانب سے دو صوبائی، دو قومی اسمبلی حلقوں پر ضمنی انتخاب کے لیے ناموں کو حتمی شکل دی گئی ہے، پی ایس 87 سے خالدہ طیب ایم کیو ایم کی امیدوار ہوں گی۔
واضح رہے کہ پی ایس 111 سے ڈاکٹر جہانزیب مغل ایم کیو ایم کے امیدوار ہوں گے، این اے 243 سے عامر ولی الدین، این اے 247 سے صادق افتخار ایم کیو ایم کے امیدوار ہوں گے۔
یاد رہے کہ ایم کیو ایم نے قومی و صوبائی اسمبلی کے پانچ حلقوں کے نتائج چیلنج کیے تھے، این اے 241، 245، پی ایس 97، 126 اور 130 کے انتخابی نتائج چیلنج کیے گئے تھے۔