لاہور: والڈ سٹی اتھارٹی کی غفلت نے شاہی قلعہ کی تاریخی حیثیت خطرے میں ڈال دی۔
اے آروائی نیوز کے نمائندے خواجہ نصیر کے مطابق شاہی قلعہ بارشوں سے پہنچنے والے نقصان پر عام پینٹ کر دیا گیا جس سے شاہی قلعہ کے یونیسکو ہیرٹیج لسٹ سے باہر ہونے کا خطرہ ہے۔
آثار قدیمہ قوانین نظر انداز کر کے قدیمی عمارت کو نقصان پہنچانے والا رنگ کیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ دالان جہانگیر چوک پر رنگ کرنا آثارقدیمہ،یونیسکوگائیڈ لائنز کی خلاف ورزی ہے، قلعے کے اس حصےکی اصل عمارت کا رنگ ہمیشہ کے لیے ضائع ہوگیا۔
ڈائریکٹر جنرل آرکیالوجی پنجاب نے صوبائی سیکرٹری سیاحت کو محکمانہ رپورٹ بھجوا دی جس میں کہا گیا ہے کہ والڈ سٹی اتھارٹی حکام نے محکمہ آثار قدیمہ سے اجازت نہیں لی۔
سابق ڈائریکٹر آرکیالوجی کا کہنا ہے کہ شاہی قلعے میں رنگ سے تاریخی ورثے کا بیڑہ غرق کر دیا گیا۔