پیر, جون 17, 2024
اشتہار

یہ ہیں دنیائے کرکٹ کے نئے چوکرز!

اشتہار

حیرت انگیز

جنوبی افریقہ تو یوں ہی بدنام ہے اصل چوکرز تو بھارتی ٹیم ہے جو گزشتہ 10 سال میں 8 ناک آؤٹ میچز میں ناکام ہوئی ہے۔

جنوبی افریقہ دنیائے کرکٹ کی تگڑی ٹیم ہے جو بڑی بڑی ٹیموں کو اپنی کارکردگی سے ناکوں چنے چبوا دیتی ہے تاہم 1992 کے ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں جس طرح یہ ٹیم ناکام ہوئی اس کی تاریخ ہر ایونٹ میں دہرانے کے باعث چوکر کے نام سے مشہور ہے لیکن دنیائے کرکٹ کو نیا چوکر مل گیا ہے۔

جی ہاں دنیائے کرکٹ کا نیا چوکر کوئی اور نہیں بلکہ بھارتی ٹیم ہے جو گزشتہ روز آسٹریلیا کے خلاف آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل ہار کر مسلسل دوسری بار ٹیسٹ کرکٹ کی حکمرانی کا خواب چکنا چور کر بیٹھی ساتھ ہی گزشتہ دس سال میں یہ بھارتی ٹیم کی ناک آؤٹ مرحلے میں آٹھویں ناکامی ہے۔

- Advertisement -

بھارتی ٹیم پورے سال باہمی سیریز میں ٹیموں کو ہراتی ہے اور آئی سی سی ایونٹس میں فیورٹ بن کر آتی ہے لیکن ناک آؤٹ میچ میں ہاتھ پیر ہی پھول جاتے ہیں۔ کرکٹ کا فارمیٹ کوئی بھی ہو لیکن بھارتی ٹیم کا مسٹ ون دی گیم میں چوک کرنا اب ایک نئی روایت بن چکی ہے۔

بھارتی ٹیم 2014 میں ٹی 20 ورلڈ کپ کا فائنل سری لنکا سے ہارے اگلے ہی سال 2015 میں ون ڈے ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں آسٹریلیا نے شکست کی ہزیمت سے دوچار کرکے بھارتی سورماؤں کو خالی ہاتھ گھر واپس لوٹنے پر مجبور کیا۔

بھارتیوں کو 2016 کے ٹی 20 کا سیمی فائنل ہمیشہ ایک تلخ یاد بن کر چبھتا رہے گا کیونکہ اس میں ویسٹ انڈیز نے انہیں ان کے گھر مین گھ کر مارا۔

پھر آتا ہے 2017 کا چیمپئنز ٹرافی کا فائنل جس کو کوئی نہیں بھول سکے گا کیونکہ سامنے روایتی حریف تھا پاکستان جس نے آئی سی سی ایونٹ میں بھارت سے نہ جیتنے کی روایت کو اس شاندار طریقے سے توڑا کہ پوری دنیائے کرکٹ میں واہ واہ ہوگئی۔

ایک جانب یکطرفہ مقابلے کے بعد کپتان سرفراز فاتح بن کر ٹرافی اٹھا رہے تھے وہیں بھارتی سر جھکائے شرمناک شکست پر ندامت محسوس کر رہے تھے۔

انگلینڈ میں 2019 کو ہونے والے ون ڈے ورلڈ کپ میں بھی بھارت فیورٹ بن کر ٹورنامنٹ میں آیا لیکن نیوزی لینڈ نے سیمی فائنل میں با آسانی ہرا دیا۔

اس کے دو سال بعد فارمیٹ تبدیل تھا لیکن ٹیمیں یہی دو تھیں اور نتیجہ بھی حسب سابق تھا۔ 2021 کے آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو شکست دے کر فتح کا تاج اپنے سر پر سجایا۔

شکستوں سے تنگ آ کر بھارتی کرکٹ بورڈ نے کوچ اور کپتان بدلا مگر ناک آؤٹ مرحلے میں چوکنے کی عادت نہ بدل سکے۔ 2022 میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں انگلینڈ نے ایک بار پھر عبرت ناک شکست سے دوچار کر دیا۔

بی سی سی آئی کی خواہش ہے کرکٹ کا سپر پاور بننے کی لیکن ناک آوٹ میچ میں پاور فل بورڈ کی ٹیم ہی بھیگی بلی بن جاتی ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں