کراچی: پیپلزپارٹی کی اعلیٰ قیادت نے سندھ حکومت کو حکومتی محاذ پر سرگرم ہونے کا ٹاسک دے دیا، پی پی کے صوبائی وزرا اور اہم رہنماؤں کو متحرک رہنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کی اعلیٰ قیادت نے صوبائی وزرا، اہم رہنماؤں کو متحرک ہونے اور رابطہ مہم تیز کرنے کا ہدف دیا ہے، پارٹی قیادت کے خلاف کیسز اور نئے الزامات سے متعلق بھی حکمت عملی مرتب کرنے کی تلقین کی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ متوقع صورت حال کے پیش نظر جیالوں نے سیاسی باگ ڈور سنبھالنے کی حکمت عملی طے کرنے کی کوششیں شروع کردی ہیں، جبکہ صنم بھٹو بھٹوخاندان اور بےنظیربھٹو کے بچوں کی دیکھ بھال کریں گی۔
پورا پاکستان پیپلزپارٹی کا قلعہ بنے گا: آصف علی زرداری
بلاول بھٹو پارلیمانی، سیاسی اور پارٹی محاذ سنبھالیں گے، سندھ کابینہ ارکان وفاق کے ساتھ زیرالتوا امور کو عوام کے سامنے لائیں گے۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا تھا کہ گذشتہ روز بلاول بھٹو سے دن بھر پارٹی کے اہم رہنماؤں کی ملاقات ومشاورت کی، بلاول بھٹو سے سندھ حکومت کے اہم وزرا نے بھی طویل ملاقاتیں کیں۔
خیال رہے کہ 30 نومبر کو پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ کچھ دشمن طاقتیں ملک توڑنا چاہتی ہیں، پاکستان پیپلزپارٹی کا قلعہ بنے گا۔