لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے گرین شرٹس اور جنوبی افریقا کے درمیان سیریز کے لیے منصوبہ بندی کرلی، غیرملکی ٹیم ممکنہ طور پر 20 جنوری کو پاکستان آئے گی۔
تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقا ٹیم آئندہ سال جنوری سے فروری تک پاکستان کے دورے پر ہوگی، جنوبی افریقی ٹیم کا دورہ4ہفتوں پر مشتمل ہوگا۔
ذرایع نے بتایا ہے کہ جنوبی افریقا ٹیم کی20جنوری کو پاکستان آمد متوقع ہے۔
جنوبی افریقا ٹیم سیریز میں 2ٹیسٹ اور3ٹی ٹوینٹی میچز کھیلے گی۔ قومی ٹیم اور جنوبی افریقا کے درمیان سیریز لاہور، راولپنڈی اور کراچی میں کھیلی جائے گی۔
انگلینڈ کی ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی یا نہیں؟ انگلش بورڈ کا اہم مؤقف
واضح رہے کہ 15 سال بعد پاکستان میں انگلش ٹیم کی آمد کی امید روشن ہوگئی، پی سی بی سی ای او وسیم خان نے انگلینڈ کو مختصر دورے کی دعوت دی ہے، انگلش ٹیم اگلے سال کے آغاز میں پاکستان کا دورہ کرسکتی ہے۔
انگلش ٹیم جنوری میں پاکستان کا دورہ کرسکتی ہے جبکہ جنوری کے آخر میں جنوبی افریقا کی ٹیم بھی پاکستان آئے گی۔ جنوبی افریقا کا سیکیورٹی وفد یکم نومبر کو پاکستان پہنچے گا۔