پیر, مئی 12, 2025
اشتہار

فلسطینی نوجوان کی تصویر نے سب کو رلا دیا

اشتہار

حیرت انگیز

مقبوضہ بیت المقدس: فلسطینی نوجوان کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس میں وہ اسپتال کی کھڑکی سے اپنی ماں کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے کوشش کر رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق فلسطینی نوجوان کی ماں کرونا کا مقابلہ کرتے ہوئے خالق حقیقی سے جا ملی،اسی دوران سوشل میڈیا پر اس کے بیٹے کی تصویر وائرل ہوگئی جس میں وہ اسپتال کی کھڑکی سے ماں کی جھلک دیکھنے کی کوشش کر رہا تھا۔

فلسطینی نوجوان السویطی کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے پر ہزاروں افراد نے اس سے ہمدردی کا اظہار کیا۔

السویطی نے قدس نیٹ نیوز ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میری والدہ کی عمر 75 سال تھی انہوں نے حج کیا ہوا تھا اور وہ کرونا میں مبتلا تھیں۔

انہوں نے بتایا کہ اسپتال کی جانب سے حفاظتی تدابیر کے تحت ملاقات پر پابندی ہونے کے بعد میں روزانہ دفتر سے فارغ ہوتے ہی سیدھا الخلیل سرکاری اسپتال جاتا اور عقبی دیوار سے چڑھ کر ماں کے کمرے کی کھڑکی پر بیٹھ کر انہیں دیکھا کرتا تھا۔

السویطی کا کہنا تھا کہ والدہ دنیا سے چلی گئی ہیں ہر لمحہ میری دعا یہی ہے کہ خدا ہر مریض کو شفا دے۔فلسطینی نوجوان کا کہنا تھا کہ بظاہر کھڑکی اور والدہ کے درمیان فاصلہ نہ ہونے کے برابر تھا لیکن مجھے یہ زمین اور آسمان جتنا فاصلہ لگتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ والدہ کو تکلیف میں دیکھ کر میں دکھی ہوجاتا تھا، میری ماں زندگی کی آخری سانسیں لے رہی تھی اور میں کچھ بھی نہیں کرسکتا تھا۔

فلسطینی نوجوان کا کہنا تھا کہ مجھے اپنی تصاویر وائرل ہونے کے بارے میں علم نہیں، لوگوں نے مجھے بتایا کہ تمہاری تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہیں، مجھے یہ لگتا ہے کہ اللہ نے یہ تصویر اس لیے وائرل کی ہو تا کہ جو لوگ بھی اسے دیکھیں وہ میری ماں کے لیے دعا کریں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں