کراچی: مردم شماری کے نتائج کو خواجہ سراؤں نے بھی مسترد کرتے ہوئے کراچی پریس کلب پر احتجاج کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق سندھ کی سیاسی جماعتوں کے بعد خواجہ سراؤں نے بھی مردم شماری کے نتائج کو مسترد کردیا ہے، خواجہ سراؤں کی رہنما بندیا رانا نے کہا کہ مردم شماری کے نتائج مسترد کرتے ہیں، ہماری آبادی کو مردم شماری میں کم کرکے دکھایا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ بھر کے خواجہ سراؤں کو پریس کلب پر جمع کریں گے، مردم شماری کے نتائج کے خلاف پریس کلب پر احتجاج کریں گے، خواجہ سراؤں کی تعداد دیکھ کر وفاق کو اندازہ ہوجائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: اس مردم شماری میں شہری آبادی دیوارمیں چُنوادی گئی، ڈاکٹرفاروق ستار
واضح رہے کہ اس سے قبل سندھ کی بڑی سیاسی جماعتیں پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم پاکستان، پاک سرزمین پارٹی، جماعت اسلامی پہلے ہی مردم شماری کے نتائج کو مسترد کرچکے ہیں۔
یاد رہے کہ چند روز قبل شماریات بیورو آف پاکستان کے مطابق کراچی کی آبادی ایک کروڑ 49 لاکھ بتائی گئی تھی جس کے مطابق 1998 سے اب تک کراچی کی آبادی میں 59 فیصد اضافہ بتایا گیا ہے۔