کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ آٹے کی قیمت کو ہر صورت کنٹرول کیا جائے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت گندم کی صورت حال پر اجلاس ہوا جس میں وزیر خوراک ہری رام نے بتایا کہ 100 کلوگندم کے کراچی میں مارکیٹ پرائس جون 2019 میں 3475 روپے تھے، 100کلو گندم کی جون 2020 میں قیمت 4400 روپے سے4450 رہی۔
صوبائی وزیر خوراک نے اجلاس کے دوران بتایا کہ 26000 ٹن گندم پچھلے اسٹاک سے موجود ہے۔
دوسری جانب وزیر زراعت اسماعیل راہو نے اجلاس کے دوران بتایا کہ سندھ میں گندم کی پیداوار کا ہدف 3.8 ایم ایم ٹن تھا، صوبے میں پیداوار 3.852 ایم ایم ٹن ہوئی جو ہدف سے زیادہ ہے۔انہوں نے بتایا کہ سندھ میں آٹے کی قیمت 40 سے 50 روپے فی کلو ہے۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے صوبے میں گندم کی نقل وحمل پر پابند عائد کر دی تھی۔انہوں نے وزرا کو ہدایت دی کہ ہر صورت آٹے کی قیمت کو کنٹرول کیا جائے۔
سندھ میں آٹا،گندم بحران روکنے کے لیے حکومت حرکت میں آگئی
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے وزیراعلیٰ سندھ نے شیڈول سے پہلے فلور ملز مالکان کو گندم فراہم کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔