اسلام آباد: ملکی تاریخ میں پہلی بار دینی مدارس کی رجسٹریشن کا مرحلہ آج سے شروع ہوگیا، وفاقی دارالحکومت سمیت تمام صوبوں میں مدارس رجسٹریشن دفاتر میں کام کا آغاز ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مدارس کی رجسٹریشن کے لیے ملک بھر میں خصوصی دفاتر قائم کیے گئے ہیں جہاں پر آج سے باقاعدہ رجسٹریشن کا آغاز ہوگیا، اسلام آباد کے تاحال کسی مدرسے نے رجسٹریشن فارم حاصل نہیں کیا۔
ذرایع کا کہنا ہے کہ وزارت تعلیم رابطہ دفتر سے 8سے10مدارس کے مہتمم نے رابطہ کیا، تاحال کوئی بھی مہتمم براہ راست رجسٹریشن فارم کے حصول کے لیے نہ آیا، حکومت اور اتحاد تنظیمات مدارس کے معاہدے پر مدارس رجسٹرڈ ہوں گے، اسی ضمن میں کام شروع کردیا گیا ہے۔
ذرایع کے مطابق مدارس وفاقی وزارت تعلیم وپیشہ ورانہ تربیت کے ساتھ منسلک ہوں گے۔
وفاقی دارالحکومت سمیت پورے ملک کے 133 اضلاع میں رجسٹریشن مراکز قائم ہیں۔ اسلام آباد، کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ، مظفرآباد، گلگت میں رابطہ آفیسرز ہوں گے۔
تمام صوبوں بشمول آزادکشمیر اور گلگت بلتستان میں ضلعی افسران متعین ہیں۔