اسلام آباد: وفاقی وزیر فخر امام کا کہنا ہے کہ گندم کے بحران کی ذمہ داری سندھ حکومت پر عائد ہوتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاوی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق فخر امام کا نیوز کانفرنس کے دوران کہنا تھا کہ گندم کی پیدوار میں دنیا میں پاکستان کانمبر 8واں ہے۔ فخر امام نے بتایا کہ رواں سال پبلک سیکٹر میں 6.6 ملین ٹن گندم کی خریداری کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ پچھلے سال گندم کی پیداوار 40 لاکھ ٹن کی تھی،پچھلے سال 5 سے 6 لاکھ ٹن گندم کا بیک اپ میں تھا، پچھلےسال کی نسبت اس سال ہم نے 26 لاکھ ٹن زیادہ گندم خریدی۔
فخر امام کا کہنا تھا کہ سندھ کے پاس پچھلے سال کی نسبت زیادہ گندم کا ذخیرہ ہے، سندھ حکومت کو ہم نے 2 خطوط لکھے تھے کہ فوری گندم ریلیز کرے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ گندم کے بحران کی ذمہ داری سندھ حکومت پر عائد ہوتی ہے،گندم کے کوٹے کے ریلیز کے لیے سندھ حکومت کو 2 مراسلے بھجوا چکے،سندھ حکومت سے ایک بار پھر درخواست ہے کہ گندم کا کوٹہ جاری کرے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب نے اپنے کوٹے سے زائد گندم کا اجرا کر دیا ہے،گندم کی قیمتوں کے تعین کی ذمہ داری صوبوں کی ہے۔