تازہ ترین

نارتھ ناظم آباد تھانے کی چھت یا کوئی عقوبت خانہ؟

کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد تھانے کی چھت ہے یا کوئی عقوبت خانہ اے آر وائی نیوز کی ٹیم تھانے کی چھت پر پہنچ گئی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق گزشتہ روز انسداد اغوا برائے تاوان سیل کے عملے نے نارتھ ناظم آباد تھانے پر چھاپہ مار کر تاوان کیلیے اغوا کیے گئے نوجوانوں کو بازیاب کرایا تھا۔ مذکورہ افراد کو دو روز سے تھانے کی چھت پر قید رکھا ہوا تھا۔

اے آر وائی نیوز کی ٹیم جب تھانے پہنچی تو عملہ آپے سے باہر ہوگیا اور ڈیوٹی افسر سوالات پوچھنے پر برہم ہوگئے۔

اے آر وائی نیوز کی ٹیم جب اپنی آنکھوں سے منظر دیکھنے کے لیے چھت پر پہنچی تو وہاں منظر کچھ ایسا تھا کہ شراب کی متعدد بوتلیں اور دیگر سامان چھت کے ساتھ زینے پر بھی پڑا ہوا تھا۔

چھت پر درجنوں موٹر سائیکلوں کے چیسز نمبرز بھی موجود تھے جب کہ وہ اسٹور جہاں مبینہ طور پر مغویوں کو رکھا جاتا تھا وہ بھی نظر آ رہا تھا۔

دوسری جانب گزشتہ روز انسداد اغوا برائے تاوان سیل کے عملے نے نارتھ ناظم آباد تھانے پر چھاپہ مار کر تاوان کیلیے اغوا کیے گئے نوجوانوں کو بازیاب کرنے کی خبر اے آر وائی نیوز پر نشر ہونے کے بعد پولیس حکام نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او نارتھ ناظم آباد کو معطل کر دیا ہے۔

اس حوالے سے ایس ایس پی معروف عثمان نے بتایا کہ ایس ایچ او نارتھ ناظم آباد کو معطل کرنے عہدے میں ایک درجہ تنزلی بھی کر دی گئی ہے اور معطل سب انسپکٹر کو اے ایس آئی بنا دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز انسداد اغوا برائے تاوان سیل کے عملے نے نارتھ ناظم آباد تھانے پر چھاپہ مار کر تاوان کیلیے اغوا کیے گئے نوجوانوں کو بازیاب کرایا تھا۔ مذکورہ افراد کو دو روز سے تھانے کی چھت پر قید رکھا ہوا تھا۔

Comments

- Advertisement -