وفاقی وزیر مذہبی امور پیرنورالحق قادری نے کہا ہے کہ سعودی حکومت نے ابھی تک حج سے متعلق حتمی پالیسی جاری نہیں کی۔
سعودی وزیر حج و عمرہ کا وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری سے ٹیلفونک رابطہ ہوا جس میں حج 2021 کے آپریشن اور تیاریوں سے متعلق امور پر گفتگو ہوئی۔
ٹیلیفونک رابطے کے بعد وفاقی وزیر نے ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے واضح کیا کہ عازمین کی تعداد اور ایس او پیز ابھی طے ہونا باقی ہیں، سعودی حکومت حتمی فیصلے سے قبل پاکستان کو اعتماد میں لے گی سعودی حکومت کی جانب سے حتمی اعلان کے بعد حج پالیسی کا اعلان کیا جائے گا۔
سعودی سفارتخانہ نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کتنے عازمین شریک ہوں گے،حج پالیسی کیا ہوگی، فیصلہ ہوناہے، حج سےمتعلق کوئی سرکاری فیصلہ نہیں ہوا صرف مختلف تجاویز پر غور جاری ہے۔
سعودی وزیر حج و عمرہ کا @NoorulhaqPir سے ٹیلیفونک رابطہ، سعودی حکومت نے ابھی تک #Hajj2021 پر حتمی پالیسی جاری نہیں کی۔ عازمین کی تعداد اور SOPs پر پاکستان کو اعتماد میں لینگے۔ حج سے متعلق میڈیا پر آنے والی خبریں سعودی وزارت صحت کی سفارشات ہیں: پیر نورالحق قادری pic.twitter.com/4GXCxNMFV0
— Ministry of Religious Affairs & Interfaith Harmony (@MORAisbOfficial) May 23, 2021
دوسری جانب حج2021 کے لیے سعودی وزارت صحت نے 9 صفحات پر مشتمل ہدایات نامہ جاری کیا ہے۔ عازمین کو ویکسی نیشن کارڈ کے ساتھ انفرادی طور پر وزارت کو ثبوت دینا ہوگا۔
ہدایت نامہ کے مطابق سعودی وزارت صحت کےتسلیم اور منظور شدہ ویکسین لگوانا لازمی قرار دیا گیا ہے، ویکسین کی پہلی خوراک یکم شوال 1442 کو لی گئی ہو اور ویکسین کی دوسری خوراک سعودی عرب داخلے سے 14دن پہلے لینا ہو گی۔
غیرملکی زائرین کیلئےمملکت میں داخلے کے بعد 3 دن کا قرنطینہ لازمی ہوگا۔ تمام تر احتیاطی تدابیر اور ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنانا ہوگا۔
حج مقامات پر پہنچنے سے قبل دستاویزات بشمول میڈیکل سرٹیفکیٹ مکمل کرنے ہوں گے۔ ویکسین سند /دستاویز لازمی موجود ہو اور کورونا کیلئےاسکریننگ کرانی ہو گی۔ سوشل میڈیا، ٹورایجنسیوں کو ایس ایم ایس سے معلومات کی فراہمی جاری رہےگی۔