اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان نے گورنر کے مس کنڈکٹ کیخلاف صدر مملکت کو خط لکھ دیا ہے جس میں ان سے گورنر تبدیل کرنے کی درخواست کی ہے۔
پنجاب میں سیاسی صورتحال انتہائی گھمبیر ہوگئی ہے اور گورنر کی جانب سے اسپیکر کی رولنگ مسترد کیے جانے کے بعد اسپیکر پنجاب اسمبلی نے بھی گورنر بلیغ الرحمٰن کے مس کنڈکٹ کے خلاف صدر مملکت کو خط لکھ دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو گورنر پنجاب بلیغ الرحمٰن کے مس کنڈکٹ کے خلاف خط لکھا ہے جس میں ان سے گورنر کو تبدیل کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپیکر نے خط میں صدر مملکت کو گورنر کے غیر آئینی اقدام کی نشاندہی کی اور کہا کہ گورنر صدر مملکت کا نمائندہ ہے۔ اسے آئین شکنی سے روکا جائے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل گورنر پنجاب بلیغ الرحمٰن نے اسپیکر صوبائی اسمبلی سبطین خان کی رولنگ مسترد کرتے ہوئے آرٹیکل 130 کی شق 7 کے تحت حکم نامہ جاری کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: گورنر پنجاب نے اسپیکر صوبائی اسمبلی کی رولنگ مسترد کر دی
گورنر پنجاب کی جانب سے 3 صفحات پر مشتمل جاری کردہ حکم نامے میں کہا گیا تھا کہ اسپیکر کی رولنگ اسمبلی کے قاعدہ 209 کی خلاف ورزی ہے۔ اسپیکر نے پوائنٹ آف آرڈر پر نہیں بلکہ رولنگ اپنے دفتر میں دی۔ 20 دسمبر کے اسمبلی اجلاس کے دوران کوئی پوائنٹ آف آرڈر نہیں اٹھایا گیا۔ گورنر کے حکم کے بعد جاری اسمبلی اجلاس کو ملتوی کرنا اسپیکر کی ذمے داری تھی جبکہ اعتماد کا ووٹ لینے کے لیے اجلاس طلب کرنا بھی اسپیکر کی ذمے داری تھی۔