سیالکوٹ: معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ ریاست ماں بن کر خواتین کے حقوق کی پاسداری کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ میں معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اب سیاحت سے پہچاناجاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کا دل بارڈر پر بسنے والوں کے ساتھ دھڑکتا ہے، عمران خان نے دنیا میں پاکستان کا حقیقی چہرہ متعارف کروایا۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ حکومتی اقدامات سے اشیائے ضرویہ کی قیمتوں میں کمی ہوئی، وزیراعظم نے 192ارب روپے خواتین کو تحفظ، روزگار کے لیے مختص کیے، حکومت کفالت کارڈ کے ذریعے پسے ہوئے طبقے کی کفالت کر رہی ہے۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات کا کہنا تھا کہ ایک طبقہ ایسے نعروں کے ساتھ مارچ کر رہا ہے جس کی مذہب اجازت نہیں دیتا، ایسے نعروں سے معاشرے کو بے راہ روی کا شکار نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین مارچ پر پتھراؤ کرنے والے انتہاپسندانہ ذہن کے مالک ہیں۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ریاست ماں بن کر خواتین کے حقوق کی پاسداری کرے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں سیرت فاطمہ کو رول ماڈل بنانا ہے مغربی پیروی نہیں کرنی۔