بہاولپور: پنجاب میں نومولود بچے کے اغوا کا ایک اور واقعہ سامنے آگیا، سول اسپتال کے گائنی وارڈ سے نومولود بچہ اغوا ہوگیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق یہ واقعہ بہاولپور میں پیش آیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون نے خود کو غریب ظاہر کیا اور خود کو زچہ بچہ کی خدمت پر رکھنے کا مطالبہ کیا جس پر متاثرہ خاندان نے خدمت کے عوض اسے کچھ رقم دینے کا وعدہ کیا۔
پولیس نے بتایا کہ ملزمہ موقع دیکھ کر نومولود کو لے گئی، سیکیورٹی گارڈ نے گیٹ پر روکا تو ملزمہ نے خود کو نانی بتایا اور نومولود کے والد کی شناختی کارڈ کی کاپی بھی دکھائی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جلد خاتون کو گرفتار کرکے نومولود کو برآمد کرلیں گے۔
کراچی : قیوم آباد میں ویلفیئراسپتال سے نومولود اغوا
خیال رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں شہر قائد میں ویلفیئر اسپتال سے نومولود بچہ اغواء ہوا تھا، ورثا نے واقعے کی ایف آئی آر درج کروانے کے لیے کورنگی تھانے میں درخواست جمع کرائی تھی۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں نومولود بچوں کے اغوا کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔