کراچی میں دوران ڈکیتی شہریوں کے قتل پر سابق گورنر عشرت العباد کا ردعمل آگیا۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ کراچی میں بڑھتے ہوئے اسٹریٹ کرائم پر انتہائی تشویش ہے جس کی وجہ سے صرف 2024ء میں ہی 70 سے زائد لوگوں کی زندگیاں لقمہ اجل بن چکی ہیں اور 27 سالہ اتقاء معین خان کا قتل ایک واضح مثال ہے جو فوری کارروائی کی اشد ضرورت کو ظاہر کرتا ہے۔
سابق گورنر نے کہا کہ کراچی ہماری معیشت کی شہ رگ ہے جو پاکستان کی مجموعی قومی آمدنی میں نصف سے زائدحصہ فراہم کرتا ہے اس کا استحکام ملک کی ترقی کے لیے ضروری ہے۔ کراچی میں آپریشن کے ذریعے امن انتہائی محنت سے حاصل کیا گیا تھا، اور اب قانون و نظام کی صورتحال قطعی خراب نہیں ہونی چاہیئے۔
ان کا کہنا تھا کہ عدم استحکام ملک دشمن قوتوں کے لیے سازگار ماحول پیدا کرتا ہے، جس سے ہماری سلامتی اور معاشی ترقی دونوں کو خطرات لاحق ہے۔