لندن: امریکا ایران کشیدگی اور ملک میں خطرے کے باعث برطانیہ نے تہران میں تعینات اپنا سفیر وطن واپس بلا لیا۔
تفصیلات کے مطابق برطانیہ نے ایران میں تعینات سفیر راب میکئیر کو واپس لندن طلب کرلیا۔ یوکرینی طیارہ حادثے کے باعث تہران میں ہونے والے مظاہرے میں شرکت کے باعث سفیر کو گرفتار بھی کیا گیا تھا۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق تہران میں برطانوی سفیر کو حکومت مخالف مظاہرے سے گرفتار کیا گیا تھا، بعد ازاں ایرانی حکومت نے برطانوی سفیر راب میکئیر کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دیا۔ گرفتاری کے بعد حکومت کے حامی مظاہرین نے برطانوی سفیر کا پُتلا جلایا اور برطانیہ مخالف نعرے بازی بھی کی۔
جان کے خطرے کی وجہ سے برطانوی سفیر تہران سے لندن واپس آئیں گے۔
طیارہ حادثہ: کینیڈین وزیراعظم نے امریکا کو ذمہ دار قرار دیدیا
غیرملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ طیارہ حادثے کے بعد برطانوی سفیر نے حکومت مخالف مظاہرے میں شرکت کی تھی۔ البتہ راب میکئیر نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ وہ صرف حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی یاد میں تعزیتی تقریب میں گئے تھے اور شمعے روشن کی تھیں۔
اس واقعے کے بعد حکومت کے حامی حلقوں نے برطانوی سفیر کے خلاف ریلی نکالی اس دوران برطانیہ مخالف نعرے لگائے گئے اور ملک بدر کرنے کا بھی مطالبہ سامنے آیا تھا۔
واضح رہے بغداد ائیرپورٹ پر امریکی فضائی حملہ میں ایران کی القدس فورس کے جنرل قاسم سلیمانی کو ہلاک ہوگئے تھے، جس کے بعد ایرانی حکومت نے امریکی حملے کی مذمت کرتے ہوئے بدلہ لینے کا اعلان کیا تھا۔
بعد ازاں ایران کی فضائی حدود میں یوکرینی مسافر طیارہ گر کر تباہ ہوا جس میں سوار 176 مسافر موقع پر ہی ہلاک ہوگئے تھے، اس جہاز میں کینیڈا سے تعلق رکھنے والے 62 مسافر سوار تھے۔ اس حملے کی ذمہ داری ایرانی انتظامیہ نے قبول کی جسے غیردانستہ قرار دیا۔