اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کے باعث دنیا تیزی سے عالمی معاشی بحران کی طرف بڑھ رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی زیرصدارت مشاورتی اجلاس ہوا جس میں علاقائی سلامتی،خطے کی صورت حال اور کرونا کی وجہ سے درپیش چیلنجز پر غور کیا گیا۔اجلاس میں معاون خصوصی معید یوسف،خارجہ امور کے ماہرین اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ کرونا کے باعث دنیا تیزی سے عالمی معاشی بحران کی طرف بڑھ رہی ہے، ترقی پذیر ملکوں کے لیے وبا کے مضمرات زیادہ ہوں گے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اقتصادی سفارت کاری سے معاشی اہداف کے حصول کے لیے کاوشیں بروئے کار لانا ہوں گی،معاشی بحالی کے لیے نئے مواقع پر توجہ دینا ہوگی،سی پیک منصوبوں کی بروقت تکمیل اہم ترجیح ہے۔
وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ افغانستان میں امن واستحکام پورے خطے کے لیے اہمیت کا حامل ہے۔