دبئی: متحدہ عرب امارات سے تعلق رکھنے والے ڈیزائنر نے دنیا کے مہنگے ترین جوتے تیار کرلیے۔
تفصیلات کے مطابق اٹالین نژاد امارتی شہری نے دو روز قبل خالص سونے اور ہیروں اور قیمتی پتھروں سے تیار ہونے والے جوتے نمائش کے لیے پیش کیے۔
برطانوی میگزین کی رپورٹ کے مطابق انتووائتری نامی ڈیزائنر نے جوتے میں نایاب شہابی پتھر بھی شامل کیا، خواتین کے ان جوتوں کی قیمت ایک کروڑ 90 لاکھ ڈالر (تقریبا تین ارب روپے) مقرر کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق سینڈل کی ہیل کو خالص سونے سے تیار کیا گیا جبکہ اس کا ڈیزائن دبئی کی مشہور عمارات ’برج الخلیفہ‘ سے ملتا ہے اور ان میں تیس قیراط ہیرے جڑے ہیں۔
دبئی میں ہونے والی نمائش میں جوتوں کو پیش کیا گیا جہاں شائقین اس منفرد جوتے کو دیکھنے جمع ہوئے اور جب انہیں قیمت معلوم ہوئی تو ورطہ حیرت میں مبتلا بھی ہوئے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل مہنگے ترین جوتے بنانے کا اعزا برطانوی ڈیزائنر کے پاس تھا۔ اُن کے جوتوں میں بھی سونے اور ہیروں کا استعمال کیا گیا تھا جن کی قیمت ڈیڑھ کروڑ ڈالر تھی۔