کراچی: شہر قائد کے علاقے کورنگی میں چوری کی بڑی واردات میں ملزمان 2 کروڑ 25 لاکھ لے اُڑے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی میں زیر تعمیر فیکٹری کا مالک فیکٹری بننے سے پہلے ہی لٹ گیا، ملزمان فیکٹری سے 2 کروڑ 25 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہوگئے۔
رپورٹ کے مطابق چوری کے واقعے کا مقدمہ کورنگی انڈسٹریل ایریا تھانے میں درج کرلیا گیا۔
فیکٹری مالک زین العابدین کا کہنا ہے کہ میں کچھ دیر کے لیے اپنے گھر گیا تھا، زیر تعمیر فیکٹری کے کاموں کے لیے رقم رکھی ہوئی تھی، چور نے پہلے چابیاں چرائی پھر لاکر کھول کر رقم لے کر فرار ہوگیا۔
فیکٹری مالک کا کہنا ہے کہ زیر تعمیر فیکٹری میں ہر لاکر کی تین، تین چابیاں موجود تھیں، ہر لاکر کی ایک، ایک چابی ایک ہفتے پہلے گم ہوگئی تھی، ملزمان نے جاتے جاتے لیپ ٹاپ کور اور دیگر سامان بھی چوری کیا۔
مزید پڑھیں: کراچی میں موٹرسائیکل چوری کی وارداتوں میں بچہ گینگ ملوث نکلا
ڈی آئی جی ایسٹ عامر فاروقی کا کہنا ہے کہ پولیس نے پہنچ کر تفتیش شروع کردی ہے، بظاہر چوری کی واردات میں فیکٹری کا ہی ملازم ملوث ہے۔
دوسری جانب سعید آباد موچکو میں مبینہ چور پر تشدد کا ایک اور واقعہ سامنے آیا ہے، مبینہ چور ریحان ممتاز کے گھر میں گھس کر چوری کرتے ہوئے پکڑا گیا، مبینہ چور پر چوری کے الزام میں تشدد کیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ چور کو برہنہ کرکے تشدد کیا گیا اور پیٹرول چھڑکا گیا، پولیس نے واقعے میں ملوث 2 افراد کو حڑاست میں لے لیا، مزید ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔