کراچی میں گڈاپ کے علاقے کاٹھوڑ میں 400 سال قدیم قبرستان سے مُردوں کے ڈھانچے چوری ہونے کا سنسنی خیز انکشاف ہوا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی میں گڈاپ کے علاقے کاٹھوڑ میں 400 سال قدیم قبرستان سے مُردوں کے ڈھانچے چوری ہونے کا انکشاف ہوا ہے اور ایک قبر کے قریب انسانی ہڈیاں پڑی دیکھی گئی ہیں۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی، پولیس کے مطابق ایک چرواہے نے قبرستان میں انسانی ہڈیاں پڑی دیکھ کر اہل علاقہ کو اس کی اطلاع دی، اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ جب وہ یہاں آئے تو ہڈیاں قبر کے قریب بکھری ہوئی تھیں اور ان کی اطلاع پر پولیس پہنچی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ یہ 4 صدی پرانا قبرستان پہاڑی علاقے میں واقع ہے اور عام طور پر یہاں سے کسی کا گزر نہیں ہوتا ہے جب کہ علاقے میں یہ افواہ بھی مشہور ہے کہ ان قبروں میں خزانہ دفن ہے ممکن ہے کسی نے لالچ میں قبریں کھودی ہوں۔
پولیس کے مطابق 400 سال پرانے قبرستان میں صرف 13 قبریں ہیں اور ان میں سے ایک کھدی ہوئی ملی تھی اور اس بارے میں اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ باقی قبروں کو بعد میں بند کردیا گیا تھا۔
پولیس نے بتایا کہ مذکورہ واقعے کی اطلاع دینے والے کسی شخص نے مقدمہ درج کرانے کیلئے رابطہ نہیں کیا ہے۔