اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ وبا کا مقابلہ معاشرے کے تمام طبقات کی کوششوں سے کیا جاسکتا ہے، کرونا کی وجہ سے بہت سے جیلنجز ہیں۔
تفصیلات کے مطابق صدر مملکت سے سی ای او ٹیلی نار عرفان وہاب اور چیئرمین ہلال احمر ابرارالحق نے ملاقات کی، اس موقع پر سی ای او ٹیلی نار نے کرونا کے خلاف 61 ملین روپے مالیت کا عطیہ پیش کیا۔
ملاقات کے موقع پر عارف علوی کا کہنا تھا کہ صاحب حیثیت طبقے کو حکومتی امداد کی کوششوں کی حمایت کی ضرورت ہے، وبا کی وجہ سے بہت سے معاشی اور معاشرتی چیلنجز کا سامنا ہے۔
پاکستان میں کرونا سے مزید 83 افراد کا انتقال
صدر پاکستان نے ٹیلی نار کی جانب سے غریب خاندانوں کی مدد کی بھی تعریف کی۔
خیال رہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس انفیکشن سے متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 2 لاکھ 37 ہزار 489 ہو گئی ہے، کیسز کی تعداد کے لحاظ سے 213 ممالک میں پاکستان دنیا کا 12 واں ملک ہے۔
گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں 2,980 نئے کیسز سامنے آئے، جب کہ مزید 83 مریض جاں بحق ہو گئے، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری اَپ ڈیٹ کے مطابق نئے اور مہلک وائرس کو وِڈ نائنٹین سے پاکستان بھر میں 237,489 افراد متاثر ہو چکے ہیں، جب کہ اموات کی تعداد 4,922 ہو گئی ہے۔