ایڈلیڈ: قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی کا کہنا ہے کہ اگر ہمیں آسٹریلیا کے خلاف آخری میچ جیتنا ہے تو تاریخ بدلنی ہوگی، ایڈلیڈ میں بولنگ کے ساتھ بیٹنگ کے لیے پچ اچھی ہے۔
تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کپتان اظہر علی کا کہنا تھا کہ ٹیم میں کئی تبدیلیاں کی گئی ہیں جس کا اعلان کل کریں گے، ہمیں میچ جیتنے کے لیے وکٹیں لینی پڑیں گی، آسٹریلیا میں بولنگ کے ساتھ بیٹنگ کے لیے پچ اچھی ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آپ کو اپنے پلان صحیح طرح استعمال کرنے ہوتے ہیں، دوسرے ٹیسٹ میں تیسرے نمبر پر بیٹنگ کروں گا، ڈیوڈوارنر ورلڈ کلاس پلیئر ہیں، ہم نے ڈیوڈوارنر کے خلاف صحیح جگہ بولنگ نہیں کی۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹیم نے گزشتہ میچ میں اچھی اسپرٹ دکھائی، تیسرے اور چوتھے دن لڑکوں نے گراؤنڈ میں اچھی فائٹ کی، ڈریسنگ روم میں مثبت ماحول ہے، کوشش کریں گے میچ جیتیں، ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ بال کے ساتھ کنڈیشنز بھی مختلف ہوتی ہے۔
قومی ٹیم کے ایڈلیڈ میں ڈیرے، دوسرے روز بھی پریکٹس جاری
اظہرعلی نے مزید کہا کہ پہلے بھی آسٹریلیا میں نائٹ سیشن میں اچھا کھیلا ہے۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرا ٹیسٹ 29 نومبر (کل) سے کھیلا جائے گا، آسٹریلیا کو سیریز میں ایک صفر کی ناقابل شکست برتری حاصل ہے۔ دوسرا ٹیسٹ میچ کھیلنے کے لیے پاکستانی ٹیسٹ ٹیم دو روز قبل برسبین سے ایڈلیڈ پہنچی۔
برسبین ٹیسٹ میں ناکامی کے بعد فائنل الیون میں دو تبدیلیوں کا امکان ہے، حارث سہیل کی جگہ امام الحق اور عمران خان سینیئر کی جگہ محمد عباس کو ٹیم میں شامل کیا جائے گا۔ ایڈلیڈ کے میدان میں پاکستان کبھی ٹیسٹ نہیں جیتا۔