لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ پنجاب میں منافع خوروں کے لیے کوئی جگہ نہیں، منافع خوروں، ذخیرہ اندوزوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے مصنوعی مہنگائی کے ذمہ دارو ں کے خلاف بھرپور کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بھی کسی دباؤ کے بغیر کارروائی کی جائے۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ انتظامیہ پرائس کنٹرول کے لیے خود میدان میں نکلے، دفتروں میں بیٹھ کر عوام کو ریلیف نہیں دیا جا سکتا، اشیائے ضروریہ کی مقررکردہ نرخوں پر فروخت یقینی بنائی جائے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ منافع خوروں، ذخیرہ اندوزوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی جائے، پنجاب میں منافع خوروں کے لیے کوئی جگہ نہیں، گراں فروشی کرنے والے قانون کے ساتھ معاشرے کے بھی مجرم ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ صوبے کے مختلف شہروں میں کسان پلیٹ فارم کی تعداد بڑھا دی ہے، کسان پلیٹ فارم کی تعداد 82 سے بڑھا کر 92 کر دی گئی ہے۔
کسی کو میرٹ کے خلاف کام کرنے دیا ہے اور نہ کرنےدوں گا، عثمان بزدار
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ کسی کو میرٹ کے خلاف کام کرنے دیا ہے اور نہ کرنےدوں گا۔