اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے فوڈ سیکیورٹی خسرو بختیار کا کہنا ہے کہ ملک میں آٹے کی قلت نہیں، وافر مقدارمیں گندم موجود ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں اینکر پرسنز سےگفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر خسرو بختیار کا کہنا ہے کہ پورے پاکستان میں اجناس کی ترسیل کی میپنگ کر لی گئی ہے۔
خسرو بختیار کا کہنا تھا کہ آٹے کی قلت زیادہ خریدنے کی وجہ سے ہوئی ہے، ملک میں قلت نہیں ہے، جس نے آٹے کا ایک تھیلا لینا تھا وہ 3 خرید کر اسٹور کرچکا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک میں آٹے کی قلت نہیں، وافر مقدارمیں گندم موجود ہے، سپلائی چین چلتی رہے جس کے لیے آج اجلاس میں اہم فیصلےکیےگئے۔
انہوں نے کہا کہ گندم کی ترسیل کے انتظامات کر لیے ہیں، اس وقت ہمارے پاس16 لاکھ ٹن گندم پبلک سیکٹرمیں موجود ہے،فلور ملز کوگندم فراہم کر دی جائےگی تو آٹے کے مسائل نہیں ہوں گے، امید ہے ایک دو دن میں صوبائی حکومتیں فلور ملزم کوگندم ریلیز کر دیں گی۔
گندم اور دالیں وافر مقدار میں موجود ہیں، قلت پیدا نہیں ہوگی، خسرو بختیار
یاد رہے کہ تین روز قبل وفاقی وزیر برائے فوڈ سیکیورٹی خسرو بختیار کا کہنا تھا کہ گندم اور دالیں وافر مقدار میں موجود ہیں، قلت پیدا نہیں ہوگی۔