پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کے بھارت میں بے شمار فینز ہیں ایک فین کو قومی کپتان سے اتنی محبت ہے کہ وہ اپنے بیٹے کا نام بھی بابر اعظم رکھنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کرکٹ کے میگا ایونٹ ورلڈ کپ کے لیے ایک ماہ سے زائد وقت سے پڑوسی ملک بھارت میں موجود ہے جہاں کئی شہروں میں انہیں آنکھ کا تارا بنایا گیا اور پُرتپاک استقبال کیا گیا۔
اسی دورے میں پتہ چلا کہ قومی کپتان بابر اعظم کے چاہنے والے صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ بھارت میں بھی کثیر تعداد میں موجود ہیں جس کا اظہار اس میگا ایونٹ کے دوران کئی بار ہوا۔
بابر اعظم کا ایسا ہی عاشق کولکتہ کا نوجوان محمد گڈو ہے جو پاکستانی قائد بابر اعظم سے اتنی محبت اور عقیدت رکھتا ہے کہ مستقبل میں اپنے بیٹے کا نام بابر اعظم رکھنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
گڈو کی سب سے بڑی خواہش بابر اعظم سے ملنا ہے۔ قومی ٹیم ورلڈ کپ کا آخری راؤنڈ میچ کھیلنے کے لیے اس وقت کولکتہ میں موجود ہے ہو سکتا ہے کہ گڈو کی زندگی کی یہ سب سے بڑی خواہش پوری ہو جائے۔