اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مستقبل میں ملک کے کسی حصےمیں گندم اور آٹے کی قلت پیدا نہیں ہونی چاہئیے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا جس میں وزیراعظم نے کہا کہ چینی انکوائری کا مقصد حقائق کو سامنے لانا تھا جس سے قیمتوں میں اضافہ ہوا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ انکوائری میں سامنے آنے والی خامیوں کی اصلاح کے لیے اقدامات اٹھانے کے ساتھ حکومت نے انکوائری رپورٹ کے حقائق کا جائزہ لینے کے لیے بین الوزارتی کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کمیٹی جائزہ لے کرجامع اصلاحات کے لیے سفارشات مرتب کرےگی،اقدامات کا مقصد مستقبل میں عوام کو قیمتوں میں اضافے کے بوجھ سے محفوظ رکھنا ہے۔
اعلامیے میں وزیراعظم نے ہدایت کی کہ مستقبل میں ملک کے کسی حصے میں گندم اور آٹےکی قلت پیدا نہیں ہونی چاہئیے، اور اس حوالے سے وفاقی کابینہ نے طلب ورسد میں توازن قائم رکھنے کے لیے اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے جو فلور ملز سے متعلقہ معاملات میں اصلاحات پر مبنی سفارشات تجویز کرے گی۔
وزیراعظم نے اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے قائم ٹاسک فورس کی سفارشات جلد پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ سفارشات پیش کی جائیں تاکہ اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے مزید کارروائی کی جاسکے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نے پی آئی اے مسافرطیارے میں شہید ہونے والے افراد کےخاندانوں کے ساتھ دکھ کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ مشکل کی گھڑی میں غم زدہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔
وفاقی کابینہ اجلاس کے جاری کردہ اعلامیے میں وزیراعظم نے ٹڈی دل کے حوالے سے تمام مطلوبہ وسائل فراہم کرنے اور اس کے خاتمے کے آؤٹ آف باکس حل پر غور کرنے کی ہدایت کی ہے۔