جمعہ, مئی 17, 2024
اشتہار

سر زمین عرب پر میسی اور رونالڈو میں دلچسپ مقابلہ ہوا، لگاتار گولز سے شائقین محظوظ ہوتے رہے

اشتہار

حیرت انگیز

دنیائے فٹبال کے دو عظیم کھلاڑیوں کا ٹکراؤ ہوا جس میں لیونل میسی کی ٹیم نے دلچسپ مقابلے کے بعد کرسٹیانو رونالڈو کی ٹیم کو ہرا دیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق سرزمین عرب پر دنیائے فٹبال کے دو عظیم کھلاڑیوں کا ٹکراؤ ہوا۔ سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں فرانسیسی کلب پی ایس جی اور رونالڈو کی سعودی آل اسٹار الیون کے درمیان کھیلا جانے والا نمائشی میچ میسی کی پی ایس جی نے چار کے مقابلے میں پانچ گول سے جیت لیا۔

کنگ فہد اسٹیڈیم میں گول پوسٹ کی شامت آگئی۔ دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے پر تابڑ توڑ حملے کیے۔ میچ کے تیسرے ہی منٹ میں اسٹار فٹبالر لیونل میسی نے پی ایس جی کے لیے گول کردیا۔ اس کے بعد کرسٹیانو رونالڈ نے 34 ویں منٹ میں پنالٹی کک پر گول کرکے اسکور برابر کیا تاہم پی ایس جی نے 9 منٹ بعد پھر برتری حاصل کرلی لیکن پہلے ہاف کے آخری لمحات میں رونالڈو نے گول کر کے مقابلہ دو، دو سے پھر برابر کر دیا۔

- Advertisement -

دوسرے ہاف میں پی ایس جی کے سرجیو ریموس نے گول کر کے ٹیم کو سبقت دلائی۔ تین منٹ بعد آل اسٹار کے جینگ ہیون نے پھر سے مقابلہ برابر کردیا۔ کھیل کے 60 ویں منٹ میں ایمباپے نے پنالٹی کک پر گول کر کے پی ایس جی کو پھر سے برتری دلائی جبکہ ایکٹیکے نے پی ایس جی کا پانچواں گول کیا۔

انجری ٹائم میں آل اسٹار الیون کے ٹیلسکا نے چوتھا گول کرکے پی ایس جی کی برتری کم کی۔

واضح رہے کہ اس نمائشی میچ کو یادگار بنانے کے لیے سعودی عرب کی جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے سربراہ کی جانب سے اس میچ کے ایک خصوصی ٹکٹ کی نیلامی کا فیصلہ کیا گیا تھا جس کی رقم چیریٹی کی جائے گی۔

ارجنٹائن کے اسٹار کھلاڑی لیونل میسی اور پرتگال کے کرسٹیانو رونالڈو کے دوستانہ میچ کا ٹکٹ 59 کروڑ روپے میں فروخت ہوا تھا۔

سعودی عرب کے تاجر مشرف الغامدی نے 26 لاکھ ڈالرز یعنی 59 کروڑ سے زائد پاکستانی روپے میں اس خصوصی ٹکٹ کو خریدا تھا۔ اس خصوصی ٹکٹ کا فائدہ یہ تھا کہ اسے خریدنے والے کو کھلاڑیوں کے ساتھ تصاویر بنانے کے ساتھ لاکر روم تک بھی رسائی حاصل تھی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں