سعودی عرب میں قید 49 پاکستانیوں کو رہائی مل گئی۔
سعودی عرب میں تعینات پاکستانی سفیر بلال اکبر نے بتایا کہ 49 پاکستانی قیدیوں کو رہا کر دیا گیا پاکستانی فلاحی کام کرنے والی شخصیات نے قیدیوں کے ہرجانے ادا کیے جس کے بعد رہائی عمل میں آئی۔
انہوں نے کہا کہ رمضان سے اب تک 49 قیدی رہا ہوئے ہیں اور مزید 53 کیسز حل ہونا باقی ہیں۔
بلال اکبر نے قیدیوں کے ہرجانے ادا کرنے والی فلاحی تنظیموں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ‘حق خاص’ کے 4 مزید کیسز کو حل کر لیا گیا ہے۔
4 more cases of ‘Haq e Khas’ resolved and released. Thanks to Pakistani donors. 49 total released since beginning of Ramadan. 53 still unresolved !
— bilal akbar (@bilalakbar73) June 8, 2021
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ وزارتِ داخلہ نے وزیراعظم عمران خان کے کامیاب دورے کے بعد سعودی عرب سے وطن واپس پہنچنے والی قیدیوں کی تفصیلات جاری کی تھیں۔
وزارت داخلہ کی جانب سے جاری ہونے والی تفصیلات میں بتایا گیا تھا کہ سعودی عرب سے 1100 قیدیوں کو پاکستان منتقل کیا گیا، اب انہیں پاکستانی جیلوں میں منتقل کیا جائے گا۔
وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ ’منشیات میں ملوث 22 اور قتل میں ملوث 8 قیدیوں کوسعودی عرب سے وطن واپس نہیں لایا جاسکا‘۔
انہوں نے کہا کہ ’وزیر اعظم سے ایک ارب روپے فنڈز کی درخواست کی ہے، اگر یہ رقم مل گئی تو معمولی جرائم میں ملوث 2005سے سعودی جیلوں میں قید سیکڑوں پاکستانی قیدیوں کے جرمانے ادا کیے جائیں گے، جس سے انہیں رہائی مل سکتی ہے‘۔
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کے دورۂ پاکستان سے قبل سعودی عرب میں تعینات ہونے والے پاکستانی سفیر بلال اکبر نے بتایا تھا کہ عمران خان کے دورے کے دوران سعودی جیلوں میں قید پاکستانی قیدیوں کی رہائی اور پاکستان منتقلی کا معاملہ اٹھایا جائے گا، امید ہے سیکڑوں قیدی عید سے قبل وطن واپس پہنچ جائیں گے۔