اسلام آباد: برطانوی وزیر اعظم تھریسا مے نے وزیر اعظم عمران خان کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کے عہدے کا حلف اٹھا لینے کے بعد عمران خان کو دنیا بھر سے مبارکبادیں موصول ہورہی ہیں۔
برطانوی وزیر اعظم تھریسا مے نے بھی انہیں منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں تھریسا مے کا کہنا تھا کہ پاکستان کے وزیر اعظم سے بات کر کے خوشی ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دیرینہ تعلقات ہیں۔ باہمی تعاون، تجارتی اور سیکیورٹی معاملات کو آگے بڑھائیں گے۔
Pleased to talk to @ImranKhanPTI, Prime Minister of Pakistan. The UK and Pakistan share deep and important links. There is plenty for our two countries to work together on, not least increasing bilateral trade and mutual security issues.
— Theresa May (@theresa_may) August 18, 2018
یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی برطانوی وزیر اعظم نے عمران خان کو فون کیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاک برطانیہ تعلقات میں مزید بہتری لانے کے لیے تیار ہیں۔ پاکستان کے ساتھ اشتراک عمل کی نئی راہیں کھول کر پاکستان کی نئی حکومت کی مکمل معاونت کریں گے۔
تھریسا مے کی جانب سے نیک تمناؤں کے اظہار پر وزیر اعظم عمران خان نے برطانوی وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ منی لانڈرنگ ترقی پذیر ممالک کے لیے ایک سنگین مسئلہ ہے، انسداد منی لانڈرنگ کے لیے برطانیہ کے ساتھ اشتراک کے خواہاں ہیں۔