کراچی: شہرقائد کی معروف تھیٹر کمپنی’ تھیس پیئنز تھیٹر ‘نے مزاحیہ ت ڈرامہ’جمع پو۔۔نجی‘ پیش کیا جس سے حاضرین خوب محظوظ ہوئے ،کھیل کا مقصد عوام میں بچت اور سرمایہ کاری کے بارے میں شعور اجاگر کرنا تھا ۔
کھیل کی کہانی ایک ایسے خاندان کے گرد گھومتی ہے جسکا سربراہ نذیر ریٹائرمنٹ لے لیتا ہے اور اپنی رقم کو اپنے دوست کی کمپنی میں سرمایا کاری کرنے کا ارادہ کرتا ہے جبکہ دوسری جانب اس کی بیوی اپنے فراڈبھائی سے اپنے خاوند کی رقم کی سرمایاکاری کی بات کرتی ہے۔ اس کا بھائی اپنے دوست نزاکت جو کہ ایک دھوکے بازکنسلٹنٹ ہے کو رقم دینے کی منصوبہ بندی کرتا ہے۔ یہ دھوکے باز کنسلٹنٹ عوام سے رقم لے کے انکے ساتھ دھوکہ دہی کرتی تھی۔ تاہم کھیل کے آخر میں نذیر کا بیٹا زین سارے جعل سازوں کو ایک جدید موبائل ایپلیکیشن کی بدولت بے نقاب کرتا ہے۔
اس کھیل کی کل پانچ پرفارمنسس پیش کی گئیں جنھیں مختلف یونیورسٹیوں کے طلباء اور عام حاضرین نے خوب سراہا۔
یہ تھیٹر ڈرامہ تھیس پیئنز تھیٹر کے ایسو سی ایٹ ڈائیریکٹر نعمان محمود کی تحریر ہے جب کہ اس کے ہدایت کار تھیس پیئنز کے آرٹسٹک ڈائیریکٹر فیصل ملک تھے۔
کھیل کے مہمانِ خصوصی پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے جنرل مینیجر ثانی محمود تھے جنھوں نے بتایا کہ ملک میں اس طرز کی تفریحی سرگرمیوں کا انعقاد وقت کی اہم ضرورت ہے اور انکا ادارہ اس طرز کی سرگرمیوں کو فروغ کے لئے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی اور اس مہم کی کامیابی کے بعد ہم اپنے کام میں مزید تیزی لائیں گے۔
آخر میں کھیل کے ہدایت کار فیصل ملک نے بتایا؛
’تھیس پیئنز تھیٹر کی آگاہی مہم ہمیشہ سے ہی لوگوں کی دلچسپی کا مرکز بنتی ہے کیوں کہ جو سبق ہم پرفارمنگ آرٹس کے ذریعے لوگوں کو دیتے ہیں اسے لوگ خوشی سے قبول بھی کرتے ہیں اور اس پر عمل بھی کرتے ہیں‘۔
تھیس پیئنز تھیٹر منتظر ہے کہ حکومتی سطح پر انکی خدمات کو خاطر میں لایا جائے اور ملک بھر میں بڑے پیمانے پر فلاحی آگاہی مہموں کا آغاز کیاجائے جس سے پاکستان میں پرفارمنگ آرٹس کو مزید اجاگر کیا جا سکتا ہے۔
فیصل ملک کا مزید کہنا تحا کہ تھیس پینز تھیٹر ملک میں پرفارمنگ آرٹس کے فروغ کے ساتھ ساتھ ملک میں تعلیم، صحت اور معاشی مسائل کے حل کے لئے بھی کوشاں ہیں۔